بحیرۂ احمر میں حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ
سعودی عرب کی قومی شپنگ کمپنی بحری نے حملے کی تصدیق کر دی۔
فوٹو سوشل میڈیا
صنعا: حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر میں سعودی عرب کے ایک آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ’امزن‘ نامی آئل ٹینکر کو سعودی شہر ینبع کے ساحل کے قریب بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
ان کے بقول میزائل حملہ نہایت درست اور براہِ راست تھا، جس کے نتیجے میں جہاز میں بڑی آگ بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب سعودی عرب کی قومی شپنگ کمپنی بحری نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک جہاز امزن بحیرۂ احمر میں حملے کی زد میں آیا ہے۔
کمپنی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے قبل برطانیہ کی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے بتایا تھا کہ ایک ٹینکر ینبع سے تقریباً 63 ناٹیکل میل (117 کلومیٹر) مغرب میں کسی نامعلوم شے کے حملے کی زد میں آیا ہے۔ ایجنسی نے حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔