مریم نواز شریف چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر روانہ

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی، جہاں ان کی مختلف سرکاری اور سیاسی ملاقاتیں ہوں گی۔

August 25, 2026 · قومی
مریم نواز شریف چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ( فوٹو سوشل میڈیا ایکس)

مریم نواز شریف چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ( فوٹو سوشل میڈیا ایکس)

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر چین کے قونصل جنرل سن یان نے وزیراعلیٰ کو الوداع کیا۔

چینی شہر ارومچی پہنچنے پر مریم نواز شریف کا اعلیٰ حکام کی جانب سے استقبال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی، جہاں ان کی مختلف سرکاری اور سیاسی ملاقاتیں ہوں گی۔

دورے کے شیڈول کے مطابق شِن جِیانگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی ہی ژونگ یو بھی مریم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

مریم نواز شریف کی شِن جِیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور کے وفد کے ساتھ بھی اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں ممکنہ اشتراک پر بات چیت کی جائے گی۔

چین میں قیام کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں شِن جِیانگ کی قیادت اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

مریم نواز شریف چین کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی۔ دورے کے دوران پنجاب اور شِن جِیانگ کے درمیان تعاون کے مزید امکانات پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔