امریکا میں 15 سالہ لڑکے کی فائرنگ سے 11 افراد زخمی، ایک کی حالت تشویش ناک
فلوریڈا میں یونیورسٹی کے قریب فائرنگ، نابالغ ملزم گرفتار، مزید گرفتاریوں کا امکان
فائل فوٹو
امریکی ریاست فلوریڈا میں فلوریڈا اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ بھگدڑ کے دوران ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔ زخمیوں میں چھ نابالغ شامل ہیں اور سب سے کم عمر زخمی کی عمر 11 سال بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ یونیورسٹی کے ہوم کمنگ فٹبال میچ کے اختتام کے بعد بریگ میموریل اسٹیڈیم کے قریب ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہاں موجود چند افراد کے درمیان جھگڑا ہوا، جو بعد ازاں فائرنگ میں تبدیل ہوگیا۔
واقعے میں کم از کم تین افراد کو شدید چوٹیں آئیں، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ ایک خاتون گولی لگنے سے نہیں بلکہ جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے زخمی ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر زخمی ہونے والے افراد میں سے کوئی بھی حملہ آور کا اصل ہدف نہیں تھا۔
پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 15 سالہ انتھونی ریورز سوم کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے خلاف اقدامِ قتلِ ثانی کے 11 الزامات اور اسلحہ رکھنے سے متعلق الزام عائد کیا گیا ہے۔
استغاثہ نے اعلان کیا ہے کہ سنگین نوعیت کے الزامات کے باعث ملزم کو بالغ کے طور پر مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔ عدالت نے اسے حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس چیف لارنس ریویل کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔ حکام عوام کی جانب سے فراہم کردہ موبائل ویڈیوز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فائرنگ سے قبل ہونے والے جھگڑے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کا تعین کیا جاسکے۔