بلوچستان میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان
محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا
فائل فوٹو
کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 26 اگست بروز بدھ صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے 26 اگست کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کے اعلان کے بعد بلوچستان میں بھی تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام تعطیل کے دوران صوبے کے تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
12 ربیع الاول کے موقع پر بلوچستان کے مختلف شہروں میں جلوس، محافلِ میلاد اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف مقامات پر انتظامات جاری ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں اور دیگر آرائشی سامان سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ مذہبی تقریبات کے لیے بھی تیاریاں جاری ہیں۔