آزاد کشمیراسمبلی: طارق فاروق سپیکر، احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب، حلف اٹھا لیا

مسلم لیگ( ن) کے چوہدری طارق فاروق کو 32 ، پیپلزپارٹی کے قاسم مجید کو 13 ووٹ ملے۔

August 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفر آباد:مسلم لیگ ن کے طارق فاروق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اوراحمد رضا قادری نے بطور ڈپٹی اسپیکر حلف اٹھا لیا۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پولنگ کے عمل میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق 32 ووٹ لےکر اسپیکر منتخب ہوئےجبکہ پیپلزپارٹی کے قاسم مجیدکو 13 ووٹ ملے۔

اِسی طرح ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے احمد رضا قادری 32 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ عامر غفار لون کو 14 ووٹ ملے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نومنتخب 46 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

دوسری جانب نومنتخب سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے احمد رضا قادری سے حلف لیا،حلف برداری کی تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

احمد رضا قادری نے حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

حلف برداری کے بعد اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور دیگر ارکان نے نئے ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

احمد رضا قادری نے اس موقع پر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں آئین، قانون اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کرنے کے عزم کو دہرایا۔

واضح رہے گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ ن نے 6 اور پیپلز پارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی تھی۔