بارہ ربیع الاول پرجڑواں شہروں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری، مری روڈ بند رہے گی
اسٹیج سے 300 گز کے علاقے میں کسی بھی قسم کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، سی ٹی او
فائل فوٹو
راولپنڈی: عید میلاد النبیؐ (12 ربیع الاول) کے بابرکت موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد (جڑواں شہروں) کے شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے جامع متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فرحان اسلم کے مطابق شہر میں عید میلاد النبیؐ کے دو مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔
پہلا جلوس مسجد حنفیہ جامع مسجد روڈ سے برآمد ہوگا۔جلوس کے دوران مری روڈ دونوں اطراف سے تمام قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گی۔ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کو لیاقت باغ چوک سے ٹیپو روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
اسلام آباد سے راولپنڈی داخل ہونے والی ٹریفک کو راول روڈ ٹرن سے راول روڈ ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ لیاقت باغ سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو ڈی اے وی (DAV) کالج کے راستے گوالمنڈی بھیجا جائے گا۔
دوسرا جلوس 22 نمبر چونگی سے برآمد ہوگا۔کلمہ چوک سے 22 نمبر چوک کی جانب جانے والی ٹریفک کو ہارلے سٹریٹ منتقل کیا جائے گا۔خٹک چوک، سی ایم ایچ (CMH) اور ٹینچ بھاٹہ کی ٹریفک کو بھی ہارلے سٹریٹ ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
جلوس کے مال روڈ پہنچنے پر پشاور روڈ سے آنے والی ٹریفک کو قاسم مارکیٹ سے شیر خان روڈ موڑا جائے گا، جبکہ کچہری چوک سے پشاور روڈ جانے والی ٹریفک کو ٹی ایم (TM) چوک سے مری روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔
سی ٹی او فرحان اسلم کے مطابق جلوس کے اسٹیج سے 300 گز کے علاقے میں کسی بھی قسم کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔