عمران خان سے پشریٰ بی بی اور نورین نیازی کی ملاقات، میڈیا سے گفتگو سے گریز

لاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی مسائل پر گفتگو کی گئی۔

August 25, 2026 · اہم خبریں, قومی, ویڈیوز
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی اور بیوی بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات کی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، جو 40 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی مسائل پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے اختتام کے بعد نورین نیازی جیل سے نکل کر گورکھپور فیکٹری ناکے پر پہنچیں۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان سے ملاقات سے متعلق سوالات کیے، تاہم انہوں نے میڈیا سے کسی بھی قسم کی گفتگو کرنے سے گریز کیا اور خاموشی اختیار رکھی۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ جیل سے واپسی پر نورین نیازی کی علیمہ خان سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں وہ ملاقات کے احوال اور بانی پی ٹی آئی کا پیغام ان کے گوش گزار کر رہی ہیں۔

دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کروائی گئی جو کہ کانفرنس روم میں 35 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں بشریٰ بی بی اور عمران خان نے ایک دوسرے کی صحت اور خیریت دریافت کی ۔

بشریٰ بی بی کی جیل میں آج اہل خانہ سے بھی ملاقات ہوئی جس کے بعد بشریٰ بی بی کی بھابھی مہرالنساء اور بیٹی قورسم مانیکا اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئیں ۔

 واضع رہے اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتوں کا دن تھا جس کیلئے نورین نیاز ی اور بیرسٹر گوہر دیگر رہنماوں کیساتھ اڈیالہ جیل پہنچے لیکن تمام افراد کو وہیں روک لیا گیا تاہم کچھ دیر کے بعد نورین نیازی کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت دیدی گئی۔