محسن نقوی کی عید میلاد النبی ﷺ پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد
حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی آمد سے انسانیت کو عدل، رحم، سچائی اور اعلیٰ اخلاق کی تعلیمات ملیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ رسول ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی آمد سے انسانیت کو عدل، رحم، سچائی اور اعلیٰ اخلاق کی تعلیمات ملیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق رسول اکرم ﷺ نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے دیانت، امانت اور حق و سچ کی ایسی مثال قائم کی جو پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ آپ ﷺ نے معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیا اور کمزور طبقات، یتیموں اور ضرورت مندوں کے حقوق پر خصوصی توجہ دینے کی تعلیم دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ مسلمانوں کی دینی اور دنیاوی زندگی کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ موجودہ دور میں درپیش بدامنی، انتشار اور دیگر مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اس بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو اپنی انفرادی زندگی، کردار اور اجتماعی رویوں کا حصہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔