مریم نواز کی شین جیانگ کے حکام سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاو ن پر اتفاق
ملاقات کے دوران زراعت، صنعت، معیشت، ٹیکنالوجی، طب، کاروبار اور بنیادی ڈھانچے سمیت متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا
فوٹو سوشل میڈیا(ایکس)
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقے کی کمیٹی اور پارٹی سیکریٹری و پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس (XPCC) کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران زراعت، صنعت، معیشت، ٹیکنالوجی، طب، کاروبار اور بنیادی ڈھانچے سمیت متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف منصوبوں کو عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے شین جیانگ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ہی ژونگ یو کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانے کے لیے چینی تجربات سے استفادہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور معیاری بیجوں کے استعمال سے کم پانی والے علاقوں میں زرعی پیداوار میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پانی کے بہتر استعمال اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے چین کے تعاون سے پائلٹ منصوبے شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔ مریم نواز نے کہا کہ جدید سائنسی طریقوں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب میں زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
ملاقات میں پاکستانی طلبہ کے لیے آن لائن تکنیکی معاونت اور جدید ہنر کی تربیت کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز نے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔ انہوں نے شین جیانگ حکومت کی جانب سے ارومچی میں بین الاقوامی میڈیا ٹور کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے عوامی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ دونوں خطوں کے عوام کو باہمی شراکت داری کے فوائد حاصل ہوسکیں۔