ایرانی سپریم لیڈر شدید زخمی مگر زندہ ہیں،ٹرمپ کا دعویٰ

ان کے بقول اگر ایسا ہو چکا ہے تو ایرانی حکام اس معاملے کو چھپانے میں غیر معمولی طور پر کامیاب رہے ہیں

August 27, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں، تاہم وہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ان کے جسم کے بائیں حصے کو خاص طور پر نقصان پہنچا ہے۔

ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ مجتبیٰ خامنہ ای ہلاک ہوئے ہیں۔ ان کے بقول اگر ایسا ہو چکا ہے تو ایرانی حکام اس معاملے کو چھپانے میں غیر معمولی طور پر کامیاب رہے ہیں، کیونکہ ایرانی مذاکرات کار اب بھی اہم معاملات پر سپریم لیڈر سے مشاورت اور منظوری کا ذکر کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے جسم کے بائیں جانب، بشمول بازو اور ٹانگ، شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم ان کے خیال میں وہ زندہ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای فروری میں ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد سے عوامی سطح پر نظر نہیں آئے، جس کے باعث ان کی صحت اور موجودگی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ ان کی موجودہ حالت کے بارے میں آزادانہ طور پر مکمل تصدیق شدہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی فوجی اور معاشی دباؤ کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ایک بڑی کامیابی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری تنازع جلد ختم ہونے کی امید بھی ظاہر کی۔

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اہم آبی گزرگاہ دوبارہ کھل چکی ہے اور امریکی بحری جہاز وہاں سے گزر رہے ہیں۔ تاہم تازہ رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان انتظامی معاہدے پر بات چیت اب بھی جاری ہے، اس لیے اس حوالے سے صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں
ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز اور جنگ بندی سمیت متعدد معاملات پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جبکہ سفارتی کوششوں کے ذریعے تنازع کو کم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔