راولپنڈی سے لاہور جانے والی راول ایکسپریس حادثے کا شکار

راول ایکسپریس رات تقریباً ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

August 27, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)

جہلم: کالا گجراں ریلوے اسٹیشن کے قریب راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔ ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات تقریباً ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین جب جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پہنچی تو مبینہ طور پر بریک میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کے انجن سمیت تین بوگیاں متاثر ہوئیں۔ حادثے کے باوجود مسافروں کو کسی جانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے عملہ موقع پر پہنچ گیا اور حادثے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ متاثرہ ٹرین کی بحالی کے لیے کارروائی شروع کردی۔

ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کو جلد بحال کرکے ٹرینوں کی آمدورفت معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حادثے کے باعث دیگر ٹرینوں کے شیڈول بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ریلوے حکام کی جانب سے حادثے کی مزید وجوہات اور ٹرین سروس کی بحالی سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔