پمز سانحہ، قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع، فوری بحث کا مطالبہ
واقعے کے بعد ہسپتالوں میں فائر سیفٹی، انتظامی نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کا جائزہ لینا ضروری ہوگیا ہے۔ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو
فائل فوٹو
اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا، جس میں واقعے کو انتہائی سنگین اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں فوری بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس نے ملک بھر میں ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات اور انتظامی امور سے متعلق اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کے بعد ہسپتالوں میں فائر سیفٹی، انتظامی نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کا جائزہ لینا ضروری ہوگیا ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پمز سانحے کے حقائق قومی اسمبلی کے سامنے لائے جائیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ غفلت یا کوتاہی کی نشاندہی ہوسکے۔
نوٹس میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرکے قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ ملک کے دیگر اسپتالوں میں بھی ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
رکن قومی اسمبلی نے زور دیا کہ اس دلخراش واقعے پر ایوان میں تفصیلی بحث ہونی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آنے کے ساتھ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے عملی اقدامات کیے جاسکیں۔