بلوچستان میں 9 انتہائی مطلوب دہشتگرد خواتین کے سر کی قیمت مقرر
نشاندہی میں معاونت کرنے والے افراد کو 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا
فائل فوٹو
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے فتنۃ الہندوستان سے مبینہ طور پر وابستہ 9 انتہائی مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے انعام کا اعلان کردیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے یا ان کی نشاندہی میں معاونت کرنے والے افراد کو 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
حکام کے مطابق مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت کے علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ جاری کی گئی فہرست میں حنیفاں بی بی، عائشہ، رقیہ، حفصہ، زہرہ، امینہ بانی، زرمین اور عزیزاں شامل ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق فہرست میں شامل 8 خواتین کیلئے 10،10 لاکھ روپے جبکہ عزیزاں کیلئے 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا الزام ہے کہ مطلوب خواتین بلوچستان میں امن و امان کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث رہی ہیں اور خواتین کو گمراہ کرکے بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔
حکومت بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مطلوب افراد سے متعلق کسی بھی قابلِ اعتماد معلومات سے متعلقہ حکام کو مقررہ رابطہ نمبروں کے ذریعے آگاہ کیا جائے۔
حکام کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔