روزانہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت نے کینسر سے نجات دلائی ،نعمان اعجاز
ان کے کان کے قریب ایک ٹیومر موجود تھا، جبکہ معدے میں لیمفوما کی بھی تشخیص ہوئی۔
فائل فوٹو
پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی صحت سے متعلق ایک اہم ذاتی تجربہ بیان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2024 میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
نعمان اعجاز کے مطابق ان کے کان کے قریب ایک ٹیومر موجود تھا، جبکہ معدے میں لیمفوما کی بھی تشخیص ہوئی۔ بیماری کا علم ہونے کے بعد انہیں اپنے علاج کے ساتھ ساتھ اپنے اہلِ خانہ کی پریشانی کا بھی گہرا احساس تھا۔
اداکار نے بتایا کہ بیماری کے دوران انہیں اپنی صحت کے حوالے سے مختلف خدشات لاحق رہتے تھے۔ وہ رات کو سونے سے قبل آیات اور دعائیں پڑھتے تھے تاکہ انہیں ذہنی سکون حاصل ہو۔
ان کے مطابق ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے روزانہ سورۃ الرحمٰن پڑھنا شروع کردی۔ نعمان اعجاز نے اپنے روحانی تجربے کے حوالے سے کہا کہ انہیں محسوس ہوا کہ اس تلاوت نے ان کے صحتیابی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کان کے قریب موجود ٹیومر کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا، جبکہ بعد کے طبی اسکینز میں معدے میں موجود لیمفوما نظر نہیں آیا۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں نے کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بعد میں آنے والی رپورٹس توقع کے برعکس حوصلہ افزا ثابت ہوئیں۔
نعمان اعجاز نے اپنی صحت میں بہتری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اللہ کی مہربانی کا مستحق سمجھتے ہیں اور اس مشکل مرحلے سے گزرنے کے بعد ان کا ایمان اور شکر کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔