حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے غیر ضروری اخراجات کم کرے: فیصل کریم کنڈی
صرف ایک سیکریٹری کو معطل کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا۔ ایسے واقعات کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
فائل فوٹو
لاہور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر معاملات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے اور ترقیاتی فنڈز میں مناسب کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وسائل فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت جاری ہے اور خیبر پختونخوا اپنے مسائل وفاق کے سامنے دلیل اور مذاکرات کے ذریعے رکھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون سے مسائل کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔
پمز اسپتال کے افسوسناک واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صرف ایک سیکریٹری کو معطل کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ایسے واقعات کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مختلف واقعات کے بعد انکوائری کمیٹیاں قائم کی جاتی ہیں، تاہم صرف کمیٹیاں بنانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ضروری ہے کہ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر عملی اقدامات بھی کیے جائیں۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ملک میں مؤثر نظامِ جزا و سزا قائم کیے بغیر انتظامی مسائل اور غفلت کے واقعات پر قابو پانا مشکل ہوگا۔