مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم و وزات خارجہ اسحاق ڈار نے مکہ معاہدے کو خطے میں پائیدار امن اور تعاون کی بنیادی ضرورت قرار دے دیا۔

August 29, 2026 · قومی
مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے، اسحاق ڈار

مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سنگ میل سے خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ ملے گا اور تمام متعلقہ فریقین مل کر چیلنجز سے احسن طریقے سے نبرد آزما ہو سکیں گے۔ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے کی جانے والی اس طرح کی تمام کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ یہ معاہدہ آنے والے وقت میں خطے کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی ذکر کیا اور اسے اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح سے عالمی سطح پر ملک کی عزت، وقار اور ساکھ میں مزید اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے اپنے عزم، صلاحیت اور قومی یک جہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس سے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور دفتر خارجہ کے متحرک کردار کو عالمی سطح پر احترام اور پذیرائی حاصل ہے اور ان کی قیادت نے پاکستان کی سفارتی پوزیشن اور قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔معیشت کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان معاشی غیر یقینی کی صورت حال سے نکل کر استحکام اور بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے، بہتر ہوتے معاشی اشاریے، ترسیلات زر میں اضافہ اور بیرون ملک پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے معاشی بحالی کے مثبت آثار نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے لیے زیادہ معاشی امکانات پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ نائب وزیراعظم نے برطانوی پاکستانی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ کی اقتصادی، سیاسی اور سماجی زندگی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں، انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بیرونِ ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور ملک کے مثبت تشخص کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں۔ تقریب میں شریک پاکستانی برادری نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر مبارک باد دی اور اس سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔ شرکا نے حکومت کی سفارتی اور اقتصادی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوش حالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔