ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا،مسعود پزشکیان

اگر دنیا میں پائیدار امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو اس کی بنیاد ہمارے اپنے خطے سے ہی اٹھے گی۔

August 30, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر دنیا میں پائیدار امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو اس کی بنیاد ہمارے اپنے خطے سے ہی اٹھے گی۔

تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ کوئی بھی طاقت ایک ایسی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتی جو پوری قوت، عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہو۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے، تاہم اگر کسی بھی جانب سے جارحیت کی گئی تو ایران اپنے دفاع کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے نئے علاقائی معاہدوں کو خطے میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرکے باہمی تعاون اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا ہوگا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتہ وحدت کے موقع پر اپنے پیغام میں باقر قالیباف نے کہا کہ حالیہ علاقائی صورتحال نے ثابت کردیا ہے کہ بیرونی طاقتیں مسلم ممالک کو طویل المدتی اور قابلِ اعتماد سکیورٹی فراہم نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کی بنیاد مسلم ممالک کی آزادانہ سوچ، مشترکہ مفادات، باہمی تعاون اور اجتماعی کوششوں پر ہونی چاہیے۔

باقر قالیباف کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ واقعات نے مسلم اتحاد کی اہمیت اور اس کے مثبت نتائج کو بھی نمایاں کیا ہے۔ ان کے مطابق مسلم ممالک کے درمیان تعاون نے دشمن کی بالادستی قائم کرنے اور اپنے مقاصد مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔