نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 675 تک پہنچ گئیں،ہزاروں افراد لاپتا

نیپال میں حکام نے بھوٹے کوشی دریا کے قریب پانی کی سطح میں اضافے کے بعد اطراف میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

August 30, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

نیپال اور تبت میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ نیپالی حکام کے مطابق قدرتی آفت کے نتیجے میں اب تک کم از کم 675 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیپال اور تبت کی سرحدی علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔ نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتا افراد میں بڑی تعداد غیر ملکی شہریوں کی بھی شامل ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 546 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 ممالک سے تعلق رکھنے والے 261 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق لاپتا غیر ملکیوں میں برطانیہ، نیپال، بھارت، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ملائیشیا، جرمنی، روس، فرانس اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔ متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کے اعداد و شمار مختلف سرکاری اداروں کی مشترکہ تحقیقات اور معلومات کے تبادلے کے بعد مرتب کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب نیپال میں حکام نے بھوٹے کوشی دریا کے قریب پانی کی سطح میں اضافے کے بعد اطراف میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق بدھ کو آنے والے شدید سیلابی ریلے اور ملبے نے شمالی نیپال کے کئی سیاحتی اور مذہبی علاقوں کو متاثر کیا۔ سیلاب کے بعد بننے والی ایک جھیل کی سطح میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، جس سے اس کے پھٹنے اور مزید تباہی کے خدشات میں کمی ہوئی ہے۔

امریکا نے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 3.6 ملین ڈالر کی ہنگامی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امدادی پیکیج میں تقریباً 10 ہزار متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ تک ہنگامی خوراک کی فراہمی بھی شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نیپال اور چین میں موجود امریکی سفارت خانے اپنے شہریوں کی مدد اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔