جرمنی: فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر ملیریا سے 2 ملازمین ہلاک

متاثر ہونے والے تمام افراد مرد اور ایئرپورٹ کے مختلف شعبوں میں الگ الگ مقامات پر کام کرتے تھے۔حکام

August 30, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

جرمنی کے مصروف ترین فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر ملیریا کے غیر معمولی پھیلاؤ سے 6 ملازمین متاثر ہوگئے، جن میں سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جرمن محکمہ صحت کے حکام کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملیریا پھیلانے والے مچھر کسی طیارے کے ذریعے ایئرپورٹ کے علاقے میں پہنچے، جس کے بعد جولائی میں وہاں ملیریا کا پہلا مقامی کیس رپورٹ ہوا۔

حکام کے مطابق متاثر ہونے والے تمام افراد مرد اور ایئرپورٹ کے مختلف شعبوں میں الگ الگ مقامات پر کام کرتے تھے۔ ماہرین اب خون کے نمونوں کا تجزیہ کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ متاثرہ افراد ایک ہی مچھر کے ذریعے بیماری کا شکار ہوئے یا انہیں مختلف مچھروں نے کاٹا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مچھروں کی موجودگی کا سراغ لگانے کے لیے مختلف مقامات پر جال نصب کردیئے ہیں۔ پکڑے جانے والے مچھروں کو لیبارٹری بھیجا جارہا ہے تاکہ ان کی قسم اور ممکنہ طور پر ایئرپورٹ تک پہنچنے کے ذریعے کا تعین کیا جاسکے۔

فرینکفرٹ کے محکمہ صحت کے مطابق عام شہریوں کے لیے اس وقت خطرہ انتہائی کم ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملیریا عام طور پر ایک متاثرہ شخص سے دوسرے شخص تک براہ راست منتقل نہیں ہوتا بلکہ مخصوص اقسام کے مچھروں کے کاٹنے سے انسان اس بیماری کا شکار ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مچھروں کے لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد بیماری کے پھیلاؤ کے ممکنہ ماخذ کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

جرمنی کے رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق ملک میں ملیریا کے زیادہ تر کیسز ان افراد میں رپورٹ ہوتے ہیں جو ایسے ممالک کا سفر کرکے واپس آتے ہیں جہاں یہ بیماری عام ہے۔ جرمنی میں مقامی سطح پر مچھروں کے ذریعے ملیریا کی منتقلی انتہائی غیر معمولی سمجھی جاتی ہے۔

ادارے کے مطابق فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر اس سے قبل بھی 2023 میں ملیریا کا ایک کیس سامنے آچکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ملیریا مخصوص مچھروں کے ذریعے پھیلنے والی بیماری ہے اور اس کے زیادہ تر کیسز گرم اور استوائی خطوں میں رپورٹ ہوتے ہیں۔