جنوبی کوریا کا جدید خودکش ڈرون لانچ ہوتے ہی ناکام ہوگیا

جنوبی ساحلی شہر بوسان کے قریب سمندر میں پیش آیا، جہاں ڈرون کو ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے لانچ کیا گیا تھا۔

August 30, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

سیول: جنوبی کوریا میں مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے جدید خودکش ڈرون کا بحری جنگی مشق کے دوران تجربہ ناکام ہوگیا۔ ڈرون لانچ ہونے کے چند سیکنڈ بعد اپنا توازن کھو بیٹھا اور سمندر میں جاگرا۔

جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق واقعہ منگل کو جنوبی ساحلی شہر بوسان کے قریب سمندر میں پیش آیا، جہاں ڈرون کو ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے لانچ کیا گیا تھا۔

مشق کے دوران ڈرون کو سمندر میں موجود ایک کشتی کو ہدف بنانا تھا، تاہم لانچ کے فوراً بعد اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور یہ دائیں جانب مڑتے ہوئے پانی میں گر گیا۔

جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ (ADD) کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ لانچ ٹیوب کے نچلے حصے میں موجود بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی کے باعث ڈرون کا توازن متاثر ہوا۔

اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ یہ خرابی ڈرون کی اسمبلی یا لانچر کی منتقلی کے دوران پیدا ہوئی ہوگی، تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق ڈرون کے تجربات کے دوران اس نوعیت کی خرابی پہلی مرتبہ سامنے آئی ہے، جبکہ متعلقہ لانچ ٹیوب اس سے قبل متعدد مرتبہ کامیابی کے ساتھ استعمال کی جاچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کا یہ ڈرون طویل دورانیے کے مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اسے 10 گھنٹے سے زائد پرواز، نگرانی اور حملہ آور کارروائیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

تجربے میں ناکامی کے باوجود جنوبی کوریا نے ڈرون کی تیاری اور ٹیسٹنگ کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے تکنیکی خرابی کی اصل وجہ معلوم کرکے آئندہ تجربات میں ایسے واقعات کی روک تھام کی کوشش کی جائے گی۔