اسحاق ڈار لندن کا دورہ مکمل کرکے استنبول روانہ

اسحاق ڈار استنبول میں مختلف سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔

August 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا اور لندن سے ترکیہ کے شہر استنبول کے لیے روانہ ہوگئے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار استنبول میں مختلف سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم کا برطانیہ کا دورہ اہم سفارتی رابطوں کے حوالے سے مصروف رہا۔ اس دوران انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، وزیر مملکت برائے پاکستان اسٹیفن ڈوٹی اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے ملاقاتیں کیں۔

اسحاق ڈار نے ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز اور دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے سے بھی ملاقات کی۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد ارکان سے ملاقات کی اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔

برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد نائب وزیراعظم اب استنبول پہنچ کر اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گے۔