مشرق وسطیٰ اپنے حقیقی دشمن کو پہچانے، مجتبیٰ خامنہ ای
موجودہ حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے اپنے قومی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
فائل فوٹو
تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرق وسطیٰ کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کو درپیش خطرات کا درست اندازہ لگائیں، اپنے حقیقی دشمنوں کو پہچانیں اور ان کے عزائم کو سمجھتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ پیغام حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر جاری کیا۔ اپنے تحریری پیغام میں انہوں نے خطے کے ممالک سے کہا کہ وہ موجودہ حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے اپنے قومی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ان کے حقیقی دشمن کون ہیں اور ان کے مقاصد کیا ہیں۔ انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے اپنے مفادات اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے علاقائی ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ باہمی اشتراک کے ذریعے خطے کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جاسکتا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال عالمی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان کے پیغام کو خطے کے ممالک کے لیے ایک اہم سیاسی اور سکیورٹی پیغام کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس میں بیرونی خطرات کے مقابلے میں علاقائی تعاون اور اپنے مفادات کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔