برطانوی شہزادے کا امریکی سسر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا

0

ایس اے اعظمی

تھامس مارکل بڑی بیٹی اور بیٹے کی مدد سے سوشل میڈیا پر سرگرم-

میگھان کے باپ کا مطالبہ ہے کہ اس کی بیٹی چونکہ پرنس ہیری کی اہلیہ بنچکی ہے-

لہٰذا ملکہ الزبتھ اپنے امریکی سمدھی کو بھی شاہی خطاب سے نوازیں-

میگھان کی ڈیانا کی طرح ہلاکت کا خدشہ بھی ظاہر کردیا
برطانوی شہزادے ہیری کا سسر تھامس مارکل شاہی محل میں آمد، پروٹوکول کی فراہمی سمیت شاہی مہمان بننے کی تمام کوششوں میں ناکامی کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آیا۔ اس نے اپنی بیٹی اور شہزادہ کی اہلیہ میگھان مارکل کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا ہے۔ تھامس مارکل نے اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا پر سرگرم میگھان مارکل کی سوتیلی بڑی بہن اور بھائی کی مدد حاصل کرلی ہے۔ میگھان کے بھائی اور تھامس کے بیٹے تھامس جونیئر نے ایک ’’دھماکا خیز خط‘‘ لکھ کر ملکہ ایلزبتھ سے درخواست کر دی ہے کہ چونکہ اس کی سوتیلی بہن میگھان اب برطانیہ کے شاہی خاندان کی رکن اور شاہزادے ہیری کی بیوی بن چکی ہے، اس لئے ان کے والد تھامس مارکیل کو بھی شاہی خطاب دیا جانا چاہئے۔ ہمارے والد کو شاہی محل میں پروٹوکول کے ساتھ مہمان بنانے کا اعزاز دیا جائے۔ اپنے بد تمیزی بھرے خط میں شاہزادہ ہیری کے سالے تھامس جونیئر نے ملکہ برطانیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن میگھان مارکیل کا شاہی خاندان اور محل میں بہت زیادہ خیال کیا جانا چاہئے، کہیں ایسا نہ ہو کہ میری بہن میگھان کا حشر بھی شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا جیسا کر دیا جائے۔ میں یہ ہرگز تصور نہیں کرسکتا کہ شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھان مارکل کی موت بھی لیڈی ڈیانا جیسی ہو۔ ملکہ برطانیہ نے پوت بہو اور امریکی سابقہ اداکارہ کے والد کی جانب سے کئے جانیوالے مطالبات اور شاہی خطاب عطا کئے جانے کے مطالبہ پر خاموشی اختیار کرلی ہے، جس پر تھامس مارکل نے اپنی چھوٹی بیٹی میگھان مارکل پر جذباتی پیغامات کے ذریعے دبائو ڈالنا شروع کردیا ہے، جس کو برطانوی معاشرے میں اچھا محسوس نہیں کیا جا رہا۔ تھامس مارکل نے کئی میڈیا پیغامات اور انٹرویوز میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیٹی شاہی خاندان میں شادی کرکے پچھتا رہی ہے، کیونکہ شاہی پروٹوکول اور آداب سے اس کی آزاد زندگی غلامی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ اس کی مسکراہٹیں بھی پہلی جیسی نہیں رہیں۔ دوسری جانب باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تھامس مارکل کی بڑی بیٹی سمانتھا مارکل نے ایک انٹرویو میں اپنی بہن میگھان مارکل کو بلیک میل کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے والد کی طبیعت مسلسل خرا ب رہتی ہے اور اگر ان کے والد کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا اور ان کی موت واقع ہوگئی تو اس کی ذمہ دار میگھان مارکل ہوں گی۔ واضح رہے کہ شاہی بہو میگھان مارکل نے اپنی سوتیلی سمانتھا مارکیل کی جانب سے دیئے جانیوالے بیان پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا، لیکن برطانوی شاہی خاندان میں اس حوالہ سے ناراضی ظاہر کی گئی ہے اور بعض شاہی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملکہ ایلزبتھ اور شہزاہ ہیری کے مشورہ کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ میگھان مارکل آئندہ برس کسی مناسب موقع پر اکیلی امریکا کا غیر سرکاری دورہ کریں گی اور والد سمیت بھائی بہن اور دیگر رشتے داروں سے ملاقات کرکے اس معاملہ کو ’’فکس‘‘کرنے کی کوشش کریں گی۔ وہ اپنی فیملی کو باور کروائیں گی کہ اب وہ شاہی خاندان کی رکن ہیں اور اس لئے ان کو زیب نہیں دیتا کہ ان کی شاہی زندگی میں مداخلت کی جائے۔ اس غیر رسمی دورے میں میگھان مارکل کو ٹاسک دیا جائے گا کہ وہ اپنے والد اور بھائی بہنوں کی زبان بندی کریں جو شاہی خاندان کو بیانات، الزامات اور خطوط کی مدد سے پریشان کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل میگھان مارکل کے والد تھامس مارکل نے دھمکی دی تھی کہ وہ مستقبل قریب میں لندن آرہے ہیں اور اپنی سالگرہ کی خوشیاں اپنی بیٹی میگھان مارکل کے ساتھ شاہی محل میں منانا چاہتے ہیں، لیکن ان کی جانب سے کئے جانیوالے اس اعلان کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے اشاروں پر متعلقہ حکام نے میگھان مارکل کے والد کو لندن آنے سے ایک بار پھر روک دیا۔ جبکہ پورے منظر نامہ میں شاہی بہو میگھان مارکل کو بھی اس نازک مسئلہ پر بیان جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ادھر ڈیلی میل آن لائن نے بتایا ہے کہ میگھان مارکل کے والد تھامس مارکل کو مئی 2018 میں ہونیوالی شاہی شادی میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی تھی لیکن ان کی جانب سے لالچی پن کا مظاہرہ کیا گیا۔ تھامس مارکل نے اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کیلئے امریکی پاپارازی فوٹوگرافرز کے ساتھ ہزاروں ڈارز کیش کی ایک ایسی ’’ڈیل‘‘ کرلی تھی، جن کے تحت پیشہ ور پاپارازی فوٹو گرافرز کو تھامس مارکیل اپنے ہمراہ کینگسٹن پیلس میں ہیری اور میگھان کی شاہی شادی میں لے جانا چاہتے تھے، لیکن برطانوی شاہی خاندان کو انٹیلی جنس ذرائع سے ایک ٹپ مل گئی تھی کہ میگھان مارکل کے والد اپنا نیچ پن دکھا رہے ہیں اور نا صرف اپنی شہرت کیلئے شاہی شادی میں اپنے ساتھ ایک پاپا رازی فوٹوگرافر کو ڈیل کے تحت لا رہے ہیں۔ یہ فوٹوگرافر شادی میں ہر زاویہ سے تصاویر بنائیں گے، جو تھامس مارکل عالمی میگزینز کو من چاہی قیمت پر فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر شاہی خاندان کے سینئر اراکین اور بالخصوص ملکہ برطانیہ نے ایک مشترکہ فیصلہ کے تحت میگھان مارکل کے والد اور شہزادہ ہیری کے سسر کو شاہی شادی میں شرکت سے روک دیا تھا، لیکن شادی کے بعد ایک بار پھر میگھان کے والد نے اپنے دو دیگر بچوں کے ساتھ مل کر میگھان اور شاہی خاندان کو بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملکہ برطانیہ ان کو شاہی محل کا مہمان بنائیں اور ان کو ان کی بیٹی کی طرح کوئی شاہی خطاب بھی دیں۔ واضح رہے کہ مطلقہ امریکی اداکارہ میگھان مارکیل کو شاہی خاندان کی بہو بننے کے بعد شاہی خاندان کی جانب سے ’’پرنسز آف سسیکس‘‘ کا خطاب دیا گیا ہے اور اسی وجہ سے ان کے والد بھی کوئی شاہی خطاب لینا چاہتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More