لگتا ہے آزادانہ الیکشن کے بجائے سلیکشن ہو چکی- آفاق احمد

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ترامیم اور ریٹرننگ افسران کے تاخیری حربوں کی وجہ سے الیکشن مہم چلانا اوربروقت انتخابی مہم مکمل کرنا ناممکن ہوگیا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آزادانہ الیکشن کی بجائے سلیکشن ہوچکی ہے اور 25جولائی کو انتخابات کے نام پر صرف عوام کو بیوقوف بنایا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاراپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کو انتخابی عمل سے دور رکھنے اور انتخابی مہم سے روکنے کے حربے استعمال کئے جارہے ہیں جس کی تحریری شکایات کرنے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں ہورہی بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اب تک یہی فیصلہ نہیں ہوا کہ ان شکایات پر کاروائی کرے گا کون! کیونکہ متعلقہ ریٹرننگ افر اپنے دفاتر میں ملتے نہیں ہیں، الیکشن کمیشن اس معاملے میں اختیار نہ ہونے کا رونا رورہا ہے، ریٹرننگ افسران کا ماتحت عملہ درخواست وصول نہیں کرتا اور پولیس و رینجرز اس معاملہ سے لاتعلق ہے۔ ماضی کے انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کے نمبرز اور ای میل ایڈرس فراہم کئے جاتے تھے اس مرتبہ ایسا کوئی انتظام موجود نہیں، اس صورتحال میں امیدوار جائیں تو جائیں کہاں۔آفاق احمد نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو نہ تو پینا فیلکس لگانے کی اجازت ہے نہ پوسٹر، ہمارے جھنڈے تک اتارے جارہے ہیں اور جہاں بھی کارکنان انتخابی سرگرمیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں الیکشن قوانین کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب چند سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق کی کھلے عام دھجیاں اڑانے کی اجازت ہے۔ مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو سرکاری املاک کے استعمال سے روکا جارہا ہے جگہ شہر بھر کے کھمبے اور عمارتیں ٹیڑھی مچھلی اور ٹوٹے بلے سے بھری ہوئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں آفاق احمد نے کہا عوام بائیکاٹ کرنے یا بائیکاٹ کا مطالبہ کرنے والوں کی باتوں پر کان دھرنے کی بجائے 25جولائی کو اپنا ووٹ لازمی استعمال کریں کیونکہ اگر کسی کے بہکاوے میں آکر ووٹ ٖڈالنے سے گریز کیا گیا تو من پسند نتائج مرتب کرنے والوں کو یہ کہنے کا موقع ملے گا کہ مہاجر عوام نے ووٹ کم ڈالے اس لئے زیادہ ووٹ لینے والا جیت گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More