کراچی اسلام آبادلاہور( اسٹاف رپورٹرنمائندگان امت) متحدہ لندن کے دہشت گردوں نے بلدیہ ٹاؤن میں نواز لیگ کے انتخابی دفتر پر حملہ کر دیاتشددسے ایک کارکن شدید زخمی ہو گیا ۔گوجرانوالہ کے علاقےشاہین آبادمیں نواز لیگ اور پی ٹی آئی کے گروپوں میں تصادم کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر پر فائرنگ کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے 12 سی ٹو میں نواز لیگ کے انتخابی دفتر پر متحدہ لندن کے دہشتگرد راشد نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں نواز لیگی کارکن سلیم تنولی زخمی ہو گیا ۔ مذکورہ انتخابی دفتر ایک ماہ قبل کھولا گیا تھا گذشتہ شام 4 بجے سلیم تنولی نے دفتر کھولاہی تھاکہ متحدہ لندن کے دہشتگرد راشد نے ساتھیوں کے ہمراہ دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ شروع کر دی ، منع کرنے پر سلیم تنولی کو تشدد کا نشانہ بنایا ور بھاری چیز سے سر پر وار کیا جس کے بعد سلیم بے ہوش ہو گیا ۔ زخمی کرنے کے بعد راشد،غدار الطاف کے حق میں نعرے لگاتا رہا ۔ علاقہ مکینوں نے’’ امت‘‘ کو بتایا کہ راشد نے دھمکی دی کہ اگر کوئی سلیم کو اسپتال لے کرگیا اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا جس کے باعث سلیم آدھے گھنٹے تک بے ہوش پڑا رہا ۔پی ایس 116پر مسلم لیگ کے امیدوار حاجی صالحین تنولی نے’’امت‘‘ کو بتایا کہ واقعہ کی فوری اطلاع پولیس کو دی گئی تھی لیکن پولیس ایک گھنٹے بعد پہنچی ، ملزمان کا تعلق متحدہ لندن گروپ سےہے اور وہ شہباز شریف کی کامیاب انتخابی مہم سے خوفزدہ ہیں ۔متحدہ دہشت گرد اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے علاقے کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔ سپر ہائی وے کے علاقے دھنی بخش گوٹھ میں آزاد امیدوار جان محمد کی ریلی پی ٹی آئی کے الیکشن کیمپ کے قریب سے گذررہی تھی اس دوران دونوں جانب سے نعرے بازی شروع ہو گئی۔جوتصادم میں بدل گئی، جس کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا ۔گوجرانوالہ کے علاقے شاہین آباد میں نواز لیگ اور پی ٹی آئی میں تصادم کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ اسلام آبادمیں نامعلوم افرادکی فائرنگ میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمرو دیگر محفوظ رہے۔اسد عمر کارنر میٹنگ میں شریک تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہو گئی ۔ پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں نے رات گئے تھانہ رمنا کے باہر احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔