مذہبی جماعتیں، ہالینڈ کی ناپاک جسارت کے خلاف ملک گیر مظاہرے

0

اسلام آباد/ لاہور/ فیصل آباد/ کراچی/ حیدر آباد (نامہ نگاران) ہالینڈ کی ناپاک جسارت گستاخانہ خاکوں کے عالمی مقابلے کرانے کے اعلان خلاف مذہبی جماعتوں نے ملک گیر یوم احتجاج منایا۔ ملک کے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی اور مظاہرے کئے گئے۔ جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ جن میں حکومت پاکستان سے ہالینڈ سے سفارتی تعلقات فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ رسول اللہ کی عزت اور نامو س کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کا عہد بھی لیا گیا۔ اس موقع پر مذہبی جماعتوں تنظیم تحفظ نامو س خاتم لاانبیائ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، جمعیت علماءاسلام، شبان ختم نبوت سندھ کے تحت ملک بھر میں بھرپوریوم احتجاج منایاگیا، ملک بھر میں ریلیوں، جلسوں، جلوسوں، جمعہ کے اجتماعات سے خطاب میں علمائے کرام علامہ احمد میاں حمادی، شیخ الحدیث مفتی محمد ادریس السندھی، مفتی محمد طاہر مکی، علامہ راشدمحمودسومرو، مولانا اللہ وسایا، قاضی احسان احمد، مولانا محفوظ الرحمان شمس، قاری محمد عارف، مولانا عبدالمجید ہالیجوی، مولانا محمد نذرعثمانی،شیخ الحدیث مولانا محمد سلیم، وفاق المدارس العربیہ سندھ کے ناظم عمومی قاری عبدالرشید،جمعیت علماءپاکستان کے ڈاکٹر ابولخیر محمد زبیر، جمعیت اہلحدیث کے پروفیسر ساجدمیر، علامہ سید ساجد علی نقوی ودیگر رہنماؤں نے ہالینڈ کی جانب سے توہین رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت کے اعلان پر پاکستان کے حرکت میں آنے اور او آئی سی کا اجلاس بلانے کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل میں حکومت پاکستان سستی نہ دکھائے فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلواکر تمام اسلامی ممالک امریکہ کا تیل بند کرکے امریکہ کو مجبور کریں کہ وہ ہالینڈ کو اس غلیظ حرکت سے روکے، اسلام ایساصاف اور پاک مذہب ہے کہ کسی غیر مذہب کے پیشوا کی توہین بھی قبول نہیں کرتا تو اگر اسلام دشمن قوتیں ایسے پاک اور صاف مذہب کے پیشواکی توہین کریں گی تو اسے مسلمانوں کو جنگ کے میدان میں اترنے پر مجبورکرنا سمجھا جائیگا، سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک کی اب تک اس مسئلے پر خاموشی کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں کہ اب تک کسی اسلامی ملک نے اس خطرناک توہین آمیز اقدام پر آواز نہیں اٹھائی، علماءنے کہا کہ مسلمان نامو س رسالت کے مسئلے پر پہلے بھی متحدتھے اور آج بھی متحد ہیں تمام مسلکی اختلافات بھلاکر میدان میں نکل آئے تو کسی گستاخ کو دنیا بھرمیں سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی غازی عامر چیمہ کا گستاخ پر حملہ اسکا زندہ ثبوت ہے، اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ ہالینڈ کے سفیر کو فوری طور پر پاکستان سے نکالاجائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More