لاہور- اسلام آباد میں عمران رسوا- کرک کے امیدوار کو تھپڑمار دیا

0

اسلام آباد؍لاہور(امت نیوز؍مانیٹرنگ ڈیسک) عمران کے جلسے ناکام ہونے کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔ ہفتہ کو لاہور اور اسلام آباد میں عمران خان کو خالی کرسیوں سے خطاب کی رسوائی سے بچانے کے لیے پارٹی رہنمائوں نےسر توڑ کوششیں کیں تاہم انہیں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوئی۔ جبکہ کرک میں کامیاب جلسہ کرانے والے قومی اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی امیدوار شاہد خٹک کو عمران نے تھپڑ مار دیا۔ اسلام آباد میں ہفتہ 21 جولائی کو تحریک انصاف نے پریڈ گرائونڈ میں جلسہ کرنا تھا۔ یہ فیصلہ پیر کو عمران کی زیرصدارت بنی گالہ میں اجلاس کے دوران کیا گیا تھا اور اس کا اعلان تحریک انصاف کی سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا تھا کہ دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کو بلایا جائے گا۔ تاہم ذرائع کےمطابق عمران کے جلسے ناکام ہونے کا سلسلہ جاری رہنے پر تحریک انصاف کے رہنمائوں نے شرمندگی سے بچنے کیلئے جلسہ منسوخ کردیا اور اس کے بجائے آئی ٹین اور ترامڑی چوک پر دو کارنر میٹنگز رکھی گئیں۔ عمران نے مقررہ وقت سے کئی گھنٹے بعد ان میٹنگز سے خطاب کیا جن میں شرکا کی تعداد کسی بھی انتخابی امیدوار کی کارنر میٹنگ میں شریک ہونے والے افراد جتنی ہی تھی۔ لاہور میں بھی عمران کے جلسوں کے بجائے جوڑے پل اور شالیمار باغ کے علاقوں میں دو میٹنگز رکھی گئی تھیں۔ تاہم وہاں صورتحال اسلام آباد سے بھی خراب رہی۔ عمران جوڑے پل پر خطاب کررہے تھے جب حنیف عباسی کی عمر قید اور نااہلی کا فیصلہ آیا اور انہوں نے اس پر مسرت کا اظہار کیا۔ شالیمار باغ پر عمران کے جلسے میں شرکا کی تعداد بڑھانے کیلئے شامکے بھٹیاں میں واقع جمشید اقبال چیمہ کی فیکٹری اوریگا کیمکلز سے بھی لوگ لائے گئے۔ لیکن اس سے بھی کام نہیں چلا۔ البتہ اس سے پہلے بنوں اور کرک میں عمران خان کے جلسوں میں شرکا کی تعداد بہتر رہی۔ یہ جلسے بہاولپور اور ملتان کے جلسوں سے بھی بہتر تھے جہاں بالترتیب جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے اپنے تمام تر مالی اور سیاسی وسائل لوگوں کو نکالنے پر لگا دیئے تھے۔ کرک میں عمران خان نے کامیاب جلسہ تو کر لیا لیکن جلسے کے دوران این اے 34سے اپنے ہی پارٹی امیدوار شاہد خٹک کو تھپڑجڑدیا۔عمران خان اسٹیج پر چڑھ رہے تھے تو پی ٹی آئی میدوار شاہد خٹک نے عمران خان سے پہلے اسٹیج پر پہنچنےکیلئےسیڑھی پر چڑھ کر آگے جانے کی کوشش کی جس پرعمران نے انہیں تھپڑ مار دیا جس کےباعث وہ گرتے گرتے بچے۔بعد ازاں اسٹیج پر بھی عمران نے انہیں توہین آمیز انداز میں نظر انداز کر دیا۔ شاہدخٹک کہنا ہے کہ وہ اسٹیج پر پہلے چڑھنے کیلئےسیڑھی پر تیزی سے جا رہے تھےعمران خان کو پتہ نہیں تھا کہ پیچھے میں ہوں۔ گرمی اور گرد کی وجہ سے یہ واقع ہوا۔ ذرائع کے مطابق جلسے کے انتظام کیلئے شاہد خٹک نے نمایاں کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے ہی عمران کو یہاں آنے کی دعوت دی تھی ۔ بنوں میں تحریک انصاف کا جلسہ اسپورٹس کمپلیکس میں رکھا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More