امام الحق بھی ریکارڈ بنانے میں پیش پیش

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر امام الحق بھی ریکارڈ بنانے میں پیش پیش ہیں۔ فخر زمان کی جانب سے تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کے بعد نوجوان اوپنر نے بھی دو بڑے اعزاز حاصل کرلئے ہیں۔ وہ ایک سیریز میں تین سنچری بنانے والے پانچویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔ انہوں تیز ترین چار سینکڑے بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔ اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں اپنا 19 واں وائٹ واش مکمل کیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاشبہ زمبابوین ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کے مقابلے کی ٹیم نہیں، لیکن شاہینوں نے عالمی کرکٹ میں اپنی درجہ بندی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کا جو پلان بنایا، اس میں سو فیصد کامیابی ملی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں مجموعی طور پر 6 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ تاہم انفرادی طور پر ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کے صرف پانچ کھلاڑی ایسے ہیں، جنہوں نے ایک سیریز کے دوران تین سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔ عظیم بیٹسمین انضام الحق کبھی بھی ایک سیریز میں تین سنچریاں نہیں بنا سکے، لیکن انضمام کے بھتیجے امام الحق نے یہ کارنامہ انجام دیکر عالمی ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کردیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز سیعد انور، ظہیر عباس، محمد حفیظ اور بابر اعظم کو حاصل رہا ہے۔ بابر اعظم ریکارڈ بک میں بہتر اسٹرائیک ریٹ کے سبب دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جبکہ پہلا نمبر سری لنکن بلے بازکمارا سنگاکارا کا ہے، جنہوں نے ورلڈکپ 2015 کے دوران چار سنچریاں داغ کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ امام الحق کا اس فہرست میں ساتواں نمبر ہے۔ جو انہوں نے زمبابوے کے خلاف گزشتہ روز سیریز کی تیسری سنچری بنا حاصل کیا۔ اس سے قبل بابر اعظم نے یہ اعزاز 2016 میں اماراتی سرزمین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل کیا۔ ظہیر عباس میں 1982 میں بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز میں تین سنچریاں بنائی تھیں۔ محمد حفیظ نے 2013 میں امارات میں سری لنکا کے خلاف تین سنچریوں کا ریکارڈ بنایا۔ جبکہ سعید انور نے1993 میں چیمپئنز ٹرافی میں تین سیکٹرے بنائے تھے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لئے۔ انہوں نے تیز ترین ہزار رنز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ فخر نے 18 میچز میں 3 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے سنگ میل عبور کیا۔ اس سے قبل اس ریکارڈ پر مشترکہ طور پر ویون رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹرائوٹ، کوئنٹن ڈی کوک اور بابراعظم کا راج تھا۔ ان پانچوں کھلاڑیوں نے 21 اننگز میں ہزار رنز مکمل کئے تھے۔ اس کے علاوہ فخر زمان نے باہمی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ فخر زمان نے زمبابوے کیخلاف پانچویں اور آخری ون ڈے میں 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے ہملٹن مساکڈزا کا باہمی سیریز میں زیادہ رنز بنانے کا 9 سالا پرانا ریکارڈ توڑا ہے۔ مساکڈزا نے 2009ء میں کینیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 467 رنز بنائے تھے، جبکہ فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں 515 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ فخر نے کسی بھی باہمی ون ڈے سیریز میں زیادہ رنز بنانے کا بھارتی بلے باز روہت شرما کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ شرما نے 2013ء میں آسٹریلیا کے خلاف چھ میچوں کی سیریز میں 491 رنز بنائے تھے۔ اس طرح فخر زمان کسی بھی باہمی سیریز میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ویرات کوہلی 558 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ادھر اوپننگ بلے باز امام الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین چار سنچریاں بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں شاندار سنچری بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ امام الحق نے 9 میچوں میں 4 سنچریاں بنا کر جنوبی افریقن بلے باز کوئنٹن ڈی کوک ککا ریکارڈ پاش پاش کردیا۔ ڈی کوک نے 16 اننگز میں کارنامہ انجام دے رکھا تھا۔ امام الحق نے اب تک کھیلے گئے 9 میچز میں چار سنچریوں کی مدد سے 544 رنز بنا رکھے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر شعیب ملک نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کے 7 ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں، وہ یہ اعزاز پانے والے آٹھویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں 18 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے انضمام الحق 11701 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔ محمد یوسف 9554 رنز بنا کر دوسرے، سعید انور 8824 رنز بنا کر تیسرے، شاہد آفریدی 8027 رنز بنا کر چوتھے، جاوید میانداد 7381 رنز بنا کر پانچویں، یونس خان 7249 رنز بنا کر چھٹے اور سلیم ملک 7170 رنز بنا کر ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ اسی طرح پاکستانی کرکٹرز فخر زمان اور امام الحق نے ون ڈے کی کرکٹ میں باہمی سیریز میں اوپننگ شراکت میں زیادہ رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ دونوں بلے بازوں نے زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں اوپننگ شراکت میں 704 رنز بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ پاکستان کے پاس تھا۔ پاکستانی کرکٹرز یاسر حمید اور عمران فرحت نے 2003ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اوپننگ شراکت میں 590 رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More