پولنگ سے پہلے لاکھوں شناختی کارڈ کا اجرا نادرا کے لئے چیلنج

0

کراچی(رپورٹ: راؤ افنان)الیکشن 2018 کیلئے پولنگ سے پہلے لاکھوں شناختی کارڈ کا اجرا نادرا کیلئے چیلنج بن گیا،24 گھنٹے پرنٹنگ کے باوجود ادارہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دیا گیاٹاسک مکمل کرنے میں ناکام ہے، 30 مئی کے بعد سے تاحال رجسٹریشن کرانے والے ایک لاکھ سے زائد 18 سالہ نوجوان کارڈز نہ ہونے پر حق رائے دہی سے محروم ہوں گے۔ شناختی کارڈ وصول کرنے کیلئے آنیوالے شہریوں کی تعداد یومیہ 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ نادرا نے شناختی کارڈ جاری کرنے والے کاؤنٹرز کے عملے میں اضافہ کر دیا، لاکھوں کی تعداد میں شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق میسج سروس ڈاؤن ہوگئی۔ نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ جاری کرنا ترجیح ہے نہ کہ میسج سروسز اپ ڈیٹ رکھنا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے نادرا کو جنرل الیکشن کے پیش نظر لاکھوں شہریوں کو انتخاب میں حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے شناختی کارڈ اجرا اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کا ٹاسک دے رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کو 19 جولائی کو مراسلے کے ذریعے یہ ہدایات دی تھی کہ جن شہریوں نے گمشدہ کارڈز کی درخواستیں دی ہیں، ان پر عمل درآمد فوری یقینی بنائی جائے اور انہیں بلا تعطل شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جن شہریوں نے شناختی کارڈ میں تبدیلی کی درخواست دی ہے، نیا کارڈ جاری ہونے تک انکے کارڈ ضبط نہ کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کو ہدایت دی کہ نارمل یا ارجنٹ کیٹگری کی درخواستوں پر 24 جولائی تک کارڈ جاری کیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ہدایت پر نادرا چیئرمین عثمان مبین نے اجلاس میں مجاز اتھارٹی کو حکم دیا کہ 16 جولائی تک رجسٹرڈ تمام درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے اور پرنٹنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری رکھا جائے تاکہ لاکھوں شناختی کارڈ کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے۔ معلوم ہوا ہے کہ شناختی کارڈ ترسیل کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف دفاتر کے عملے کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر شناختی کارڈ جاری کر رہے ہیں۔ کراچی نادرا میگا سینٹرز انتظامیہ کے مطابق شناختی کارڈ جاری کرنے کیلئے پہلے جہاں 2 افراد تعینات تھے، وہاں ان کی تعداد 6 کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فی میگا سینٹر سے یومیہ 500 سے زائد شناختی کارڈ کا اجرا ہو رہا تھا تاہم گزشتہ 3 روز سے شناختی کارڈ جاری کرنے کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ نادرا ذرائع کے مطابق 30 مئی کے بعد سے ادارے کو نئے شناختی کارڈ رجسٹریشن کی ایک لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا چونکہ انتخابات کیلئے ووٹرز فہرست مئی میں ہی تیار کر لی گئی تھی، اس لئے مذکورہ نوجوانوں کو اگر شناختی کارڈ جاری بھی ہو جاتا تو وہ حق رائے دہی سے محروم ہی رہتے۔ ’’امت‘‘ پہلے ہی نشاندہی کر چکا ہے کہ کراچی بھر سے انتخابات کے پیش نظر شناختی کارڈز کیلئے یومیہ درخواستوں کی تعداد 8 ہزار سے بڑھ 16 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ شناختی کارڈ فراہمی یقینی بنانے کیلئے نادرا اقدامات کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا ہے کہ نادرا نے 23 سینٹرز پر ون ونڈو سروس کیساتھ میگا سینٹرز پر 24 گھنٹے تمام کاؤنٹرز پر عملے کی موجودگی یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ مشاہدے میں کہ لاکھوں شناختی کارڈ کی فراہمی پر نادرا کی میسج سروس ڈاؤن ہو گئی ہے۔ مجتبیٰ نامی شہری نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ شناختی کارڈ کیلئے ٹریکنگ آئی ڈی 8400 پر بھیجتا رہا، لیکن ہر بار یہی میسج ملتا کہ کارڈ پرنٹنگ کے عمل میں ہے، تاہم سینٹر پر رابطہ کرنے پر پتہ چلا کہ شناختی کارڈ موصول ہوگیا ہے جبکہ توقیر نامی شہری نے بتایا کہ شناختی کارڈ کی درخواست 5 جولائی کو جمع کرائی تھی، جس کی آئی ڈی نمبر 8400 پر ٹریک کرنے پر بس یہی جواب موصول ہو رہا ہے کہ درخواست پرنٹنگ میں ہے اور سینٹر پر رابطہ کرنے پر بھی پتہ نہیں چل رہا۔ نادرا ذرائع نے بتایا کہ میسج سروس میں یومیہ میسجز کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے، جس سے مسیج سرور ڈاؤن ہوا ہے۔ نادرا حکام کے مطابق 16 جولائی سے نادرا تمام درخواست گزاروں سے انکے پرانے کارڈ ضبط نہیں کر رہا جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ بھی ووٹ ڈالنے کیلئے استعمال ہوسکیں گے، تاہم نادرا مراکز پر سیکڑوں ایسے شہریوں کا رش لگا ہوا ہے، جنہوں نے 16 جولائی سے قبل درخواستیں جمع کرائی تھی اور جن کے زائد المعیاد شناختی کارڈ بھی ضبط کئے جا چکے ہیں تاہم انہیں تا حال شناختی کارڈ نہیں ملا ہے۔ ’’امت‘‘ سے گفتگو میں ترجمان نادرا فائق علی کا کہنا تھا کہ لاکھوں کارڈز کی پرنٹنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے، اس وقت مسیج سروس نہیں بلکہ کارڈ کا بروقت اجرا اور فراہمی ترجیح ہے، 25 جولائی کو دن 2بجے تک نادرا دفاتر سے شناختی کارڈ وصول کئے جاسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More