8سابق وزرا ئے اعلیٰ کی قسمت کا فیصلہ بھی آج ہوگا

0

کراچی/ اسلام آباد/کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر/ نمائندگان امت)آج عام انتخابات میں سندھ اور پنجاب کے 8 سابق وزرا ئے اعلیٰ بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ نواز لیگ کے صدر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کراچی کے حلقہ این اے 249 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ضلع بینظیر آباد کے حلقہ این اے 213 اور سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو ضلع جیکب آباد کے حلقہ این اے 196 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ،جن کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے اعجاز جکھرانی ہیں۔ اس طرح سندھ کے جوسابق 7 وزرا اعلیٰ الیکشن لڑ رہے ہیں ،ان میں سے ضلع خیرپور کے صوبائی حلقہ پی ایس 26 میں پی پی کے قائم علی شاہ اور جی ڈی اے کے سید غوث علی شاہ مدمقابل ہیں۔3 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم جی ڈی اے کے امیدوار ہیں۔اس مرتبہ تھرپارکر میں صوبائی حلقے سے ان کے مدمقابل انکا بھتیجا ارباب لطف اللہ ہے ،جو پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی اس مرتبہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ضلع دادو کے قومی اسمبلی کے حلقہ این ا ے 235 سے امیدوار ہیں ،جن کا مقابلہ پی پی کے عرفان لغاری سے ہے۔ شکارپور سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کو پی پی نے اس مرتبہ ضلع قمبر شہداد کوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 202 سے ٹکٹ دیا ہے۔ پی پی کے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس مرتبہ سیوھن میں اپنے آبائی حلقہ پی ایس 80 ضلع جامشورو سے حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے مدمقابل روایتی حریف ایس یو پی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد مہر اس مرتبہ ضلع گھوٹکی کے حلقہ این اے 205 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں ،جنہیں جی ڈی اے کی حمایت حاصل ہے۔ ان کے مدمقابل پی پی کے احسان سندرانی ہیں۔دریں اثنا عام انتخابات میں کھیلوں کی نامور شخصیات بھی حصہ لے رہی ہیں ،جن میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ، ہاکی کے سابق کھلاڑی اولمپئن آصف باجوہ ،سابق اسکواش ورلڈ چیمپئن قمر زمان ، پنجاب اسمبلی کرکٹ ٹیم کے سابق رکن رانا علی سلمان ، شیخوپورہ سے ہاکی کے کھلاڑی خالد محمود ایڈووکیٹ اور دیگر شامل ہیں۔ہاکی کے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں اولمپئن حسن سردار ،نوید عالم ،ریحان بٹ ،اشتیاق احمد،محمد ثقلین،اور انجم سعید نے قوم کے نام ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تمام ووٹرز کواپنا حق رائے دہی استعمال کرنا چاہئے ۔علاوہ ازیں بلوچستان میں 2 اہم قوم پرست جماعتوں کے سربراہان قومی اسمبلی کے حلقوں سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کوئٹہ اورقلعہ عبداللہ جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل بیلہ اورخضدار سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی کو این اے 263 قلعہ عبداللہ میں ایم ایم اے کے مولانا صلاح الدین ایوبی اورعوا می نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ این اے 265 کوئٹہ سٹی پر محمود اچکزئی کے مد مقابل بی این پی کے حاجی میر لشکری رئیسانی ، پی ٹی آئی کے قاسم سوری اور ایم ایم اے کے سینیٹر حافظ حمداللہ ہیں۔سردار اختر مینگل 2 قومی اور ایک صوبائی نشست پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ این اے 269 پر انہیں سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار ثنااللہ زہری جیسے مضبوط مدمقابل کاسامنا ہے ،جبکہ این اے 272 پرجام کمال خان عالیانی اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اسلم بھوتانی سے مقابلہ ہے ۔پی بی 40 وڈھ خضدار پر سردار اختر مینگل کونیشنل پارٹی کے میرشہمیر بزنجو کا سامنا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More