تربت میںپولنگ الیکشن پر راکٹ حملےسے 4 شہید

0

کوئٹہ/کراچی/پشاور(نمائندہ خصوصی/اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) تربت میں الیکشن سے ایک روز قبل پولنگ اسٹیشن پر راکٹ حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید اور 13 زخمی ہوگئے ،جبکہ کراچی میں الیکشن سے قبل دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیاگیا۔ بلوچستان میں تربت کے علاقے مند میں قائم پولنگ اسٹیشن کے قریب سیکورٹی فورسز کے قافلے پردہشت گردوں کے راکٹ حملہ میں کم سے کم 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک عام شہری بھی شامل ہے ،جبکہ 13 افراد زخمی ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا ہے۔ تربت کو صوبے کے حساس ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔راکٹ حملے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس سے پہلے 13 جولائی کو بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے میں خودکش حملے سے سراج رئیسانی سمیت 149 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں کراچی میں سی ٹی ڈی پولیس نے اتحاد ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے الیکشن سے قبل دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں محمد الیاس ولد محمد یاسین، عصمت اللہ ولد محمد شیر علی خان اور نور ولی ولد نصیب خان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیزمواد برآمد کرلیا، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان خان سید سجنا، بیت اللہ محسود اور ولی محمد گروپ سے ہے۔حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان میں جہادی ٹریننگ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ راکٹ لانچر اور ایل ایم جی چلانے کی بھی تربیت حاصل کی۔ ادھر حیدر آباد میں کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 میں واقع ملی مسلم لیگ کے الیکشن آفس پر نامعلوم افراد ہینڈ کریکر پھینک کر فرار ہو گئے ،جس کی زد میں آ کر گاڑی کا ڈرائیور شعیب خاصخیلی زخمی ہو گیا ،جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 226 سے ملی مسلم لیگ کے امیدوار فیصل ندیم جیسے ہی گاڑی سے نکلے نامعلوم ملزمان نے ہینڈکریکر پھینکا وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ سندھ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ایم ڈی نیشنل ریڈیواینڈٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے مطابق ہرپولنگ بوتھ میں ایک سی سی ٹی وی کیمرہ لگایا گیا ہے۔ایم ڈی این آرٹی سی کے مطابق29 اضلاع میں 200 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیمروں کو نقصان پہنچنے پرمتبادل انتظام بھی موجود ہوگا۔خیبر پختون میں انتخابات کیلئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکورٹی خدشات پر پاک افغان سرحد بند کردی گئی ہے، افغان مہاجرین کا شہروں میں داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ نوشہرہ میں 72 مارٹر گولے برآمد کر کے دہشت گردی کا منصوبہ نا کام بنا دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More