حملے کے باوجود فورسز نے عملے کو پولنگ کے مقام تک پہنچایا
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے علاقے پاک ایران سرحد کے قریب انتخابی عملے کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کی ٹیم پر حملے کے باوجود سیکورٹی فورسز نے حملے کو ناکام بنا کر پولنگ عملے کو ان کے مقام تک پہنچانا یقینی بنایا۔ دشتک میں حملے کے نتیجے میں ایک استاد اور3سپاہی سمیت4افراد شہید جبکہ 14 زخمی ہوگئے ہیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ رات قومی اسمبلی کے حلقے این اے 271کے پولنگ عملے کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں پر پاک ایران سرحد کے قریب دشتک کے علاقے میں حملہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی کانوائے پر زمان مانٹین رینج کے علاقے میں الیکشن کے عمل کو متاثر کرنے کے لیے حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکار شہید ہوئے جن کی شناخت سپاہی عمران، سپاہی جہانزیب اور سپاہی اکمل کے ناموں سے ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں پولنگ ٹیم کے اسکول ٹیچر سیف اللہ بھی شہید ہوئے جبکہ 10سیکورٹی اہلکاروں سمیت 14افراد زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حملے کے 10شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ معمولی زخمیوں کو ڈی ایچ کیو تربت میں طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج این اے 271بلیدو میں پولنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری رہا۔