کراچی (اسٹاف رپورٹر) رات گئے سندھ اسمبلی کے 130حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کو واضح برتری حاصل ہے ۔ پی پی نے 51 حلقوں میں واضح برتری حاصلکرلی ۔ تقریباً 9 حلقوں میں جی ڈی اے،8حلقوں میں پی ٹی آئی کو برتری حاصل تھی۔ بدین ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا زور نہ چل سکا اور وہ خود بھی ہار گئے۔ضلع گھوٹکی میں پیپلزپارٹی کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔سابق وزرائے اعلیٰ سید قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ جیت گئے۔ رات گئے موصولہ نتائج کے مطابق ضلع بینظیر آباد و ضلع قنبر شہداد کوٹ کے تمام4؍4حلقوں میں پی پی امیدوار جیتے۔ ضلع کشمور کے 3 میں سے 2 میں پی پی کو برتری رہی۔ضلع شکارپور میں پی پی کے امتیاز شیخ و آغا سراج درانی جیتے۔ ضلع سجاول و ٹھٹھہ میں شیرازی برادران کی شمولیت سے پی پی نے کلین سویپ کرتے ہوئے تمام پانچوں حلقے جیتے۔ ضلع بدین کے5میں3 حلقوں میں پیپلزپارٹی جیت گئی۔پی ایس 74سےجی ڈی اے کے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پی پی کے اسماعیل راہو سے ہار گئے ۔ پی پی کے اللہ بخش تالپور کو جی ڈی اے کے میر عبداللہ تالپورجبکہ علی بخش شاہ عرف پپو شاہ کو ذوالفقار کے بیٹے حسنین مرزا پر سبقت حاصل کرلی۔ ضلع عمرکوٹ سے پی پی کے تینوں امیدواروں سید علی مردان شاہ، سردار شاہ اور تیمور تالپر کی کامیابی کی اطلاعات ہیں اور یہاں سے ارباب غلام رحیم ہار گئے۔ رات گئے موصولہ نتائج کے مطابق ضلع تھرپارکر کے 4میں سے2 حلقوں میں پی پی نے کامیابی حاصل کی جن میں شیر محمد بلالانی بھی شامل ہیں۔ضلع میرپورخاص کے4 حلقوں میں سے بھی پی پی نے 2 میں کامیابی حاصل کی ۔ ضلع مٹیاری ، ٹنڈو الہ یار اور ٹنڈو محمد خان سے بھی پی پی کا ایک ایک امیدوار جیتا۔ان اضلاع کے باقی ایک ایک حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ ضلع حیدرآبادکے 6 حلقوں میں سے 4 پرمتحدہ پاکستان جیت گئی۔ حیدرآباد میں جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ایاز پلیجو کو جام خان شورو نے شکست دی۔ ضلع سانگھڑ کے2حلقوں میں جی ڈی اے ، ایک میں پی پی کی کامیابی کی اطلاعات ہیں3 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ضلع خیرپور سے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کامیاب ہوگئے۔اسی ضلع سے جی ڈی اے کےساجد بابھن سمیت2 امیدوار کامیاب ہوگئے ۔ باقی 4 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ ضلع سکھر میں بھی پی پی نے دو حلقوں میں کامیابی حاصل کرلی تھی باقی2 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ گھوٹکی کے4 میں سے حلقوں پر جی ڈی اے کے علی گوہر مہرکامیاب ہوئے۔باقی دو حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ ضلع جیکب آباد کے3حلقوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کے اسلم ابڑو کامیاب ہوئے۔باقی2حلقوں میں پی پی امیدواروں کا پی ٹی آئی کے امیدواروں سے کانٹے کا مقابلہ تھا۔ ضلع جامشورو میں پی پی کے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گیانومل ایسرانی کی کامیابی کی اطلاع ہے۔ایک حلقے کے نتائج آنا باقی ہیں۔ ضلع دادو میں پی پی کے عبدالعزیز جونیجو اور پیر مجیب کی کامیابی کی اطلاعات ہیں۔باقی دو حلقوں میں پی ٹی آئی امیدواروں کی برتری کی اطلاعات ہیں ۔ ضلع لاڑکانہ کے4 میں سے2حلقوں پر پی پی کی فریال تالپور اور سہیل انور سیال جبکہ ایک حلقہ میں جی ڈی اے کے معظم عباسی کو نثار کھوڑو کی بیٹی ندا کھوڑو پر سبقت تھی ۔کر اچی کے ضلع ملیر کے5صوبائی حلقوں میں سے2پر پی پی امیدوار کی سبقت کی اطلاع ملی ہیں۔ضلع شرقی اور جنوبی کے 3حلقوں میں پی ٹی آئی کو سبقت حاصل تھی ۔