اسلام آباد/پشاور(نمائندگان امت)وفاق میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔پارٹی ذرا ئع کے مطابق کہ دس سے بارہ آزا د ا رکان نے پی ٹی آ ئی میں شمولیت کا ا شا رہ دے دیا ہےجس کے بعد اب پی ٹی آ ئی سا دہ ا کثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پو زیشن میں آ گئی ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی نشستیں 126 تک پہنچ چکی ہیں اور6 آزاد امیدوار ہمارے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرکے ہی الیکشن جیتے ہیں اور اس کے علاوہ زیادہ ترآزادکامیاب امیدوار 48گھنٹوں میں پی ٹی آئی میں شامل ہوجائینگے ۔دریں اثناذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نےحکومت سازی کے لیے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے اوروفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے والے ارکان اور ان کے قلمدانوں پرغور شروع کردیاگیا ہے۔وفاق میں حکومت بنانے کی صورت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم ہوں گے جن کی کابینہ 18 سے 20 ارکان پر مشتمل ہوسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے عارف علوی اور شفقت محمود کے نام زیر غور ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر زرتاج گل وزیر کو بنایا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کے مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں جب کہ اسد عمر کو وزیر خزانہ بنانے سے متعلق عمران خان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کے لیے پرویز خٹک کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کو بھی وفاقی وزیر داخلہ بنایا جاسکتا ہے۔وہ ننکانہ صاحب سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔شیریں مزاری وزارت دفاع اور فواد چوہدری وزارت اطلاعات کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے وزارت ریلوے کا قلمدان دیے جانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مخدوم خسرو بختیار، مراد سعید، سینیٹر چوہدری سرور، اعظم سواتی، غلام سرور خان، رمیش کمار، عامر لیاقت حسین اور شہریار آفریدی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک امین اسلم کو مشیر برائے ماحولیات کا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔ فاٹا سے منتخب رکن قومی اسمبلی سابق وفاقی وزیر نور الحق قادری کا نام بھی کابینہ کے ممکنہ وزراء میں لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکز میں حکومت بنانے کے لیے آزاد ارکان ، مسلم لیگ ق ، بلو چستان نیشنل پا رٹی (مینگل ) ، ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الا ئنس سے بھی بات چیت کا آ غاز کر دیا گیاہے۔با ت چیت میں شا ہ محمود قریشی ، شفقت محموداور سینٹر چوہدری سرورحصہ لے رہے ہیں جبکہ ایم ایم اے سے بھی را بطوں کے بارے غور کیا جا رہا ہے تا ہم اس پر پا رٹی را ئے ابھی تقسیم ہے ۔علاوہ ازیں رات گئے تک قومی اسمبلی کی217 نشستوں کے نتائج جاری کردئے گئے جبکہ53 کے باقی تھے۔سرکاری نتائج کے مطابق اب تک پی ٹی آئی نے104, ن لیگ نے56،پیپلز پارٹی نے25، مجلس عمل نے11 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ12 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 118 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔