نتائج میں 31 گھنٹے تاخیر پراسرار بن گئی

0

کراچی /لاہور( اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابی نتائج میں31 گھنٹے تک تاخیر پر اسرار بن گئی۔ ملبہ آئی ٹی کمپنی پر گرانے کی تیاری کر لی گئی۔کراچی کے حلقہ این اے248 کا نتیجہ روک کرریٹرننگ افسر نے امیدواروں کونمازِ جمعہ کے بعد دوبارہ آنے کی ہدایت کی۔اس کی وجہ چھ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج نہ ملنا بتائی جارہی تھی ۔ حلقے سےپیپلز پارٹی کے امیدوار قادر پٹیل احتجاج کیلئے جمعرات کی شب پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے پہنچے۔ تاہم پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل رات ایک بجے انہیں فون پر بتایا گیا کہ آپ جیت گئے ہیں۔ اسی طرح این اے 246 لیاری کا نتیجہ جمعرات کی شب دس بجے آیا جہاں چیئر مین پی پی بلاول بھٹو کو تحریک انصاف کے امیدوار شکور شاد نے شکست دی۔ این اے254 عزیز آباد کے حلقے کا نتیجہ جمعرات کی رات9 بجے آیا جہاں متحدہ پاکستان کے امیدوار شیخ صلاح الدین کو شکست ہوئی۔این اے255 کا نتیجہ بھی جمعرات کی شام ساڑھے6 بجے آیا جہاں متحدہ پاکستان کے خالد مقبول کو شکست ہوئی۔ این اے 256 سینٹرل 4 کا نتیجہ جمعرات کی شام آیا۔ جہاں پی ٹی آئی کے نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان کے عامر چشتی کو شکست دی۔این اے 253 سینٹرل 1 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج بھی بدھ کو رات گئے جاری ہوئے ،جن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اسامہ قادری نے پی ٹی آئی کے اشرف جبار کو ہرایا۔اس حلقے سے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال تیسرے نمبر پر رہے۔این اے 245 کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ جمعرات کی صبح4 بجے آیا تھا ،جہاں عامر لیاقت نے فاروق ستار کو ہرایا۔ اس سے پہلے فاروق ستار کو برتری کی اطلاعات تھیں۔ دریں اثناالیکشن کمیشن نےآر ٹی ایس سسٹم اور موبائل ایپ تیارکرنے والوں کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق نتائج بروقت مرتب نہ ہونے کی ایک بڑی رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا فیل ہونا بھی ہے، پریذائڈنگ افسروں کو آرٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے جمع کروانا تھا ،مگر یہ ایپ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی،یہ ایپ نادرا نے تیارکی تھی اورکہا جارہا ہے کہ اس کی تیاری میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ( ای ٹی بی پی)نے معاونت کی تھی ،تاہم ای ٹی بی پی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے یہ ایپ نہ تو ان کے ادارے نے تیار کی ہے اور نہ ہی انہوں نے اس حوالے سے کوئی معاونت فراہم کی ہے۔دریں اثناسیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کے 90فیصد نتائج آگئے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی اتنی جلدی نتائج نہیں آتے ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاپولنگ والے دن کسی سے بھی دھاندلی کی شکایت نہیں ملی۔دھاندلی سے متعلق دکھائی جانے والی ویڈیو پرانی ہے۔ انہوں نے کہاموسم کی خرابی اورسیکورٹی خدشا ت کے باعث خیبر پختون میں نتائج وصول ہونے میں وقت لگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More