انڈونیشیا نے اسمارٹ حج ایپ متعارف کرادی

0

احمد نجیب زادے
انڈونیشیا کی وزارت حج نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے ’’اسمارٹ حج اپیلی کیشن‘‘ متعارف کرادی ہے، جس سے انڈونیشین عازمین حج کیلئے مناسک کی ادائیگی کے مراحل مزید آسان ہوگئے ہیں۔ اس ایپلی کیشن میں حجاج کرام کیلئے فلائٹس کے شیڈیول، ہوٹل کی تفصیلات، سفر کیلئے گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر اور سفرکی تفصیلات، کھانے کا مینو، موسم کی پیش گوئی، کرنسی ایکسچینج ریٹس، کیلکولیٹر اور آن لائن ترجمے کی سہولت بھی موجود ہے۔ جبکہ حجاج کی اپنی لوکیشن اور ان کی ذاتی تفصیلات، معلم حضرات کے نام اور ٹیلی فون نمبرز اور مکہ و مدینہ میں انڈونیشی حج حکام سے رابطوں کی تفاصیل موجود ہیں۔ اس اسمارٹ حج ایپلی کیشن میں حجاج کو مسنون دعائوں اور مناسک حج کی سلسلہ وار تفصیلات بھی دی گئی ہیں جن سے انہیں بڑی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ اینڈرائیڈ اسمارٹ موبائل فونز میں باآسانی اپ لوڈ اور انسٹال ہوجانے والی اس ’’اسمارٹ حج ایپلی کیشن‘‘ کو استعمال کرنے والے کئی انڈونیشی عازمین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے سفر حج بہت آسان لگ رہا ہے۔ اس ایپلی کیشن کو استعمال کرنے اور خود کو رجسٹرڈ کرانے کیلئے انڈونیشی عازمین حج کو اپنا گروپ فلائٹ نمبر یا آئی ڈی اس میں ڈالنی ہوتی ہے، جس کی مدد سے ایپلی کیشن اس حاجی کو شناخت کرلیتی ہے۔ اسمارٹ حج ایپلی کیشن استعمال کرنے والے حجاج کرام نے بتایا ہے کہ ان کو اس ایپلی کیشن کی مدد سے فوری طور پر اپنی تصویر کے ساتھ ایک صفحہ دکھائی دیا جس پر ان کی عمومی شناخت ظاہر ہوئی اور ان کے پاسپورٹ کا نمبر اور پتے سمیت دیگر معلومات بھی ظاہر ہوگئیں۔ ان کو اپنی فلائٹس کا نمبر، ایئرپورٹ اور ٹرمنل نمبر تک معلوم ہوگیا۔ اسمارٹ حج ایپلی کیشن استعمال کرنے والے ایک انڈونیشی حاجی عبدالحمید کا کہنا تھا کہ ان کو اس ایپلی کیشن کی مدد سے منٹوں میں معلوم ہوگیا کہ وہ جدہ سے مکہ کس وقت اور کس معلم کے ساتھ روانہ ہوں گے اور مکہ میں ان کی جائے رہائش کس ہوٹل میں ہوگی۔ ان کو مکہ میں کھانا کس قسم کا ملے گا اور رات یا دن میں کھانے کا مینو کیا ہوگا؟ اسمارٹ حج ایپلی کیشن کے بارے میں انڈونیشی وزارت حج کے ترجمان مستوکی کا عرب نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ ایپلی کیشن بہت سوچ سمجھ کر حاجیوں کی آسائش کیلئے بنائی گئی ہے۔ اس میں ہر حاجی کی لوکیشن انڈونیشی حکام کو یا مکہ میں موجود انڈونیشی سفیر کے نمائندے کو با آسانی معلوم ہوتی رہے گی۔ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والا ہر حاجی جو اس اسمارٹ ایپلی کیشن کو انسٹال کر چکا ہے، مناسک حج کے دوران کسی بھی مقام پر گم نہیں ہوگا۔ مکہ پہنچنے والے انڈونیشی حجاج کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ یہ ایپلی کیشن انتہائی آسان اور مفید ہے۔ جب ہم جدہ ایئر پورٹ پر تھے تو اس میں موجود نقشے میں ہمارے ہوٹل کا نام اور ہوٹل کے صدر دروازے کی ایک تصویر اور جدہ سے مکہ میں ہوٹل تک کا روٹ بھی دکھائی دے رہا تھا۔ ہمیں کوئی ڈر و خوف نہیں کہ ہم کسی غلط ہوٹل میں یا غلط مقام پر چلے جائیں گے یا ایک دوسرے سے بچھڑ گئے تو پریشان ہوں گے۔ انڈونیشی وزارت حج کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اس اسمارٹ ایپلی کیشن کی مدد سے انڈونیشی حجاج کرام کو اپنے ہر دن کے پروگرام یا سفر یا مطلوبہ زیارات کے مقامات کے بارے میں مطلع کیا جاسکتا ہے اور ان کو عرفات یا منیٰ سمیت مختلف علاقوں یا مدینہ تک جانے کیلئے فراہم کی جانے والی ٹرانسپورٹ کا نام ،گاڑی کا رنگ اور نمبر تک فراہم کیا جاتاہے تاکہ حجاج کرام غلط گاڑی میں نہ بیٹھ جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More