نجم سیٹھی عہدہ چھوڑنے سے بدستور گریزاں
لاہور(امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بے یقینی کی کیفیت کا راج ہے ،چیئرمین نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے سے گریزاں ہیں حالانکہ انہیں اس حوالے سے واضح اشارے بھی مل چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق بورڈ کے دیگر عہدیداروں میں ممکنہ تبدیلی کی ہواوں کے سبب بے چینی پھیلی ہوئی ہے کیونکہ سربراہ کی رخصتی کی صورت میں وہ بھی عتاب کا نشانہ بن سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ روز مرہ کے کاموں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی بہت زیادہ پر امید نہیں ہیں کہ تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے کے بعد انہیں عہدے پر برقرار رہنے دیا جائیگا لیکن بے یقینی کی صورتحال کے باوجود وہ از خود عہدہ چھوڑنے میں پس و پیش کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں بے یقینی کی فضاء کا راج ہے۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی ایک حالیہ انٹرویو میں واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ اور بورڈ کے کچھ ایسے اہم معاملات وہ دیکھ رہے ہیں جنہیں ابھی چھوڑ کر جانے سے پاکستان کرکٹ کو کافی نقصان ہو سکتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر عمران خان انہیں اس عہدے پر نہیں دیکھنا چاہیں گے تو وہ اسے چھوڑنے میں ایک سیکنڈ بھی نہیں لگائیں گے۔