مٹھی- سانگھڑ میں پی پی رہنما اسکول ٹیچر کی ٹارگٹ کلنگ
مٹھی/ سانگھڑ (نمائندگان) مٹھی میں پی پی رہنما اور سانگھڑ میں اسکول ٹیچر کو ٹارگٹ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ چندر شرما کو دکان پر موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جبکہ اکبر ملاح کو ڈیٹی پر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے گجری میں گولیاں ماریں۔ تفصیلات کے مطابق مٹھی کے صادق فقیر چوک پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پیپلز پارٹی کے ایم این اے مہیش ملانی کے پرسنل سیکریٹری اور سابق ضلعی انفارمیشن سیکریٹری چندر شرما کو قتل کر دیا۔ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دوست کی دکان پر بیٹھے چندر شرما پر فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ انہیں سول اسپتال مٹھی پہنچایا ،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چندر شرما نے دم توڑ دیا۔ واقعے کے بعد قریبی رشتے دار اور پیپلز پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں اسپتال پر پہنچ گئے اور علاقے میں کاروبار بند کرا دیئے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کا نام انیل کچے کولہی بتایا جا رہا ہے، پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنما چندر شرما کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شرما کے قتل کی خبر نے مجھے افسردہ کر دیا۔ قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ دریں اثنا سانگھڑ کے رہائشی اکبر ملاح کو نامعلوم مسلح افراد نے سانگھڑ سے تقریباً 25 کلو میٹر دور گجری کے نزدیک فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ مقتول اکبر حسین ملاح اسکول ٹیچر تھا اور اپنی ڈیوٹی کے لیے گجری ہائی اسکول جارہا تھا کہ واقعہ پیش آیا۔ مقتول کی لاش کو سول اسپتال سانگھڑ لایا گیا۔ واقعہ کے خلاف مقتول کے ورثا نے سول اسپتال سانگھڑ کے سامنے سانگھڑ نواب شاہ روڈ پر روڈ بلاک کر کے سخت احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، بعدازاں ڈی ایس پی سانگھڑ نے پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری و قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ اس موقع پر بشیر ملاح ودیگر کا کہنا تھا کہ مقتول کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اکبر کو ٹارگٹ بنا کر قتل کیا گیا ہے۔ اور وہ ایک شریف انسان تھا اور اپنی سرکاری ڈیوٹی پراسکول جا رہا تھا کہ ظالموں نے اسے ناحق قتل کیا۔ قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔