مولانا سعید احمد خانؒ تبلیغی جماعت کے بہت بڑے بزرگ تھے، مدینہ منورہ میں تبلیغ کا کام آپؒ کی سرپرستی میں ہوتا تھا، بڑے ولی تھے۔ حق تعالیٰ نے انہیں بہت سی کرامات سے نوازا تھا۔ چند سال قبل رحلت فرما گئے۔ خواتین کے ایک بیان میں انہوں نے بعض فضائل بیان فرمائے، جوکہ دینی عبادات میں خواتین میں شوق بڑھا دیتے ہیں اور نیک اعمال سے رغبت اور محبت کا سبب بنتے ہیں… وہ ذیل میں لکھے جا رہے ہیں۔
1۔ ایک نیک اعمال والی عورت 70 اولیاء سے بہتر ہے۔ 2۔ ایک برے اعمال والی عورت ایک ہزار بد اعمال مردوں سے بدتر ہے۔ 3۔ ایک حاملہ عورت کی دو رکعت نماز غیر حاملہ عورت کی 80 رکعتوں سے بہتر ہے۔ 4۔ عورت اپنے بچوں کو اپنا دودھ پلاتی ہے، اسے حق تعالیٰ ایک ایک بوند دودھ پر ایک ایک نیکی عطا فرماتے ہیں۔ 5۔ شوہر جب پریشان گھر آئے اور اس کی بیوی اس کو مرحبا کہے اور تسلی دے تو رب تعالیٰ اس عورت کو نصف جہاد کا ثواب عطا فرماتے ہیں۔ 6۔ جو عورت اپنے بچے کے رونے کی وجہ سے رات بھر سو نہ سکے، حق تعالیٰ اس کو بیس غلام آزاد کرنے کا اجر دیتے ہیں۔ 7۔ جو شخص اپنی بیوی کو محبت کی نگاہ سے دیکھے اور بیوی اپنے شوہر کو محبت کی نگاہ سے دیکھے تو حق تعالیٰ دونوں کو رحمت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 8۔ جو عورت اپنے شوہر کو حق تعالیٰ کے راستے میں بھیجے اور خود گھر میں آداب کی رعایت کرتے ہوئے رہے، وہ عورت مرد سے 500 سال پہلے جنت میں جائے گی اور 70 ہزار فرشتوں اور جنت کی حوروں کی سردار ہوگی۔ اس عورت کو جنت میں غسل دیا جائے گا اور یاقوت کے گھوڑے پر سوار ہوکر اپنے خاوند کا انتظار کرے گی۔9۔ جو عورت اپنے بچے کی بیماری کی وجہ سے سو نہ سکے اور اپنے بچے کو آرام دینے کی کوشش کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے تمام گناہ معاف کردیتے ہیں اور اس کو بارہ سال کی مقبول عبادت کا ثواب ملتا ہے۔ 10۔ جو عورت اپنی گائے بھینس وغیرہ کا دودھ بسم اللہ شریف پڑھ کر دوہے تو وہ جانور اس عورت کو دعائیں دیتا ہے۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭