ضلع جنوبی کے بڑے حصے کی بجلی سارادن بند – میڈیکل پرچہ منسوخ

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کے الیکٹرک نے بن قاسم یونٹ بند کر کے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ،بجلی بندش سے شہری اذیت کا شکار ہیں ، بجلی کی عدم دستیابی پر میڈیکل یونیورسٹی کا امتحان بھی منسوخ ہو گیا ۔ بیشتر علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو پانی کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے شہر میں ایک بار پھر طویل دورانیہ بجلی بندش کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں طویل دورانیہ بجلی بندش کا سلسلہ جاری رہا جب کہ ضلع جنوبی کے بیشتر علاقوں میں دن بھر بجلی غائب رہی ۔ طویل دورانیہ بجلی بندش کے باعث گزشتہ روز جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو ایم بی بی ایس کا امتحان بھی ملتوی کرنا پڑا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم پاور جنریشن یونٹ ون بند کرنے کے باعث سسٹم میں اضافی شاٹ فال آیا جس کی وجہ سے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی بجلی بند رکھی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ کے الیکٹرک کے جنریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بن قاسم پاور جنریشن یونٹ ون بند کیا گیا ہے جب کہ مذکورہ یونٹ کے بندش کی وجہ معمول سے کم بجلی فراہم کر کے مکمل وصولی بتائی جاتی ہے ۔گزشتہ روز طول بجلی بندش کے باعث جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ہونے والا امتحان بھی منسوخ کر دیا گیا جس کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس سلسلے میں ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ بجلی بندش کے باعث امتحانی پرچوں کی چھپائی میں دشواری کا سامنا تھا ، یونیورسٹی میں اسٹینڈ بائی جنریٹر موجود ہے تاہم اس کی مدد سے پرچوں کی چھپائی اور آٹھ سو سے زائد امیدواروں کے امتحان کے لئے انتظام ممکن نہیں تھا ، جب کہ رابطہ کرنے پر کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ شام 6 بجے سے قبل بجلی بحال ہونا ممکن نہیں جس پر مجبوراً امتحان منسوخ کرنا پڑا ۔ دوسری جانب شہر کے دیگر علاقوں جن میں اورنگی ٹاؤن ، لانڈھی، کورنگی، ملیر، لیاقت آباد، گارڈن، رنچھورلائن، صدر، لیاری،بلدیہ،کیماڑی،مواچ گوٹھ،سلطان آباد،شاہ فیصل،ماڑی پور،مشرف کالونی،بنارس،لسبیلہ،کالا پل،قیوم آباد،پرانا گولیمار،لائنز ایریا،بزرٹہ لائن ،منظور کالونی،بلال کالونی،قائد آباد،رزاق آباد،گلشن حدید، چنیسر گوٹھ،محمودآباد،اعظم بستی،گرین ٹاؤن،ڈرگ روڈ،شیری جناح کالونی، مچھر کالونی،نیو کراچی،ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جب کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو پانی کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More