چین نے سی پیک کے مستقبل پر خدشات مسترد کر دیئے

0

بیجنگ/ اسلام آباد(امت نیوز/ایجنسیاں) چینی وزارت خارجہ نے سی پیک کےمستقبل پر خدشات مسترد کردیئے اورکہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کی رفتار بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے،دونوں مماک کا مؤقف یکساں اور سی پیک کی جلد تکمیلکیلئے پرعزم ہیں۔سی پیک کے مستقبل اور تعاون کا تعین مشاورت سے کیا جائے گا جو پاکستان کی معاشی اور سماجی ترجیحات کے مطابق ہوگی۔بیجنگ میں بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے جب کہ وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا مقصد روایتی دوستی کی تجدید تھا۔بیجنگ قومی مفادات کے مطابق دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی مدد کرتا رہےگا، دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں صنعتی تعاون اورعوامی روزگارکے منصوبوں کو ترجیح دی گئی، اس کے ساتھ ساتھ ملک کے مغربی علاقوں تک تعاون کو وسعت دی گئی تاکہ پاکستان کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کا فائدہ پہنچے۔ادھر اسلام آباد میں وزارت تجارت نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سی پیک منصوبے ایک برس کیلئے معطل کرنے کی تجویز دی ہے اور یہ کہ پاکستان کی نئی حکومت ایسے معاہدوں کا جائزہ لے گی جس میں چینی کمپنیوں کو ناجائز فائدہ پہنچ رہا ہے جب کہ پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں۔ وزارتِ تجارت کے مطابق غیرملکی اخبار نے عبدالرزاق داؤد کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔ پاکستان اس مضمون اور بالخصوص اس کی سرخی کو مسترد کرتا ہے۔وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ناقابل تسخیر ہے، دونوں ممالک میں راہداری منصوبے کے مستقبل سے متعلق مکمل یکسوئی ہے۔ حال ہی میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ زی نے پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر زور دیا جبکہ سی پیک سے متعلق چین کے وعدوں کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔ پاکستان نے بھی یقین دلایا ہے کہ سی پیک منصوبہ حکومت کے لیے قومی ترجیحات میں شامل ہے۔علاوہ ازیں پلاننگ کمیشن حکام نے سی پیک پر برطانوی اخبار کو دیئے گئے عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک معاہدوں پر ازسر ِنو بات کی جائے گی، کمیشن نے یہ بھی اعتراف کیا کہ سی پیک پر عملدرآمد گزشتہ چودہ ماہ سے سست روی کا شکار ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More