صوبائی وزیر صحت لیاری اسپتال پہنچ گئیں- سہولیات کا جائزہ لیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو منگل کو اچانک سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال پہنچ گئیں ، اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ صحت کے افسر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات جن میں سرجیکل ، میڈیسن ، گائنی وارڈ سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور طبی و نیم طبی عملے کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم حسین قریشی نے وزیر صحت کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کے صدر اقبال انصاری ، مقصود بلوچ سمیت دیگر نے اسپتال کے مسائل بیان کرتے ہوئے وزیر صحت کو بتایا کہ اسپتال میں سرجیکل آئی سی یو موجود نہیں ہے اور او ٹی میں آلات کی کمی ہے جس کی وجہ سے 2 او ٹی ٹیبل غیرفعال ہیں اورآپریشن کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔اپنے دورے کے آخر میں وزیر صحت نے این جی اوز کی تحویل میں دی جانے والی بچوں کے ایمرجنسی اور شعبہ امراض قلب کا دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی علاج کی سہولیات دیکھیں اور کہا کہ حکومت مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس حوالے سے کو ئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More