بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں – سیاسی قیادت کا اخراج عقیدت

0

اسلام آباد(نمائندہ امت)سیاسی جماعتوں نے بیگم کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بہادر خاتون تھیں،ان کا نام پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔صدر مملکت عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان، سمیت سیاسی قیادت نے کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے تعزیتی پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے شریف خاندان سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، ان کی رحلت کی خبر پر دل افسردہ ہے، وہ ایک حوصلہ مند اور باوقار خاتون تھیں جنہوں نے نہایت ثابت قدمی سے بیماری کا مقابلہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے خاندان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اسد قیصر نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔ بختاور بھٹو نے ٹویٹ میں بیگم کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف ایک اہلیہ اور ماں تھیں بلکہ وہ خاتون اول بھی تھیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی کیلئے یہ بہت بڑا صدمہ ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کلثوم نواز ایک دلیر خاتون تھیں انہوں نے اس ملک میں جمہوریت کے لئے جدوجہد کی پاکستان میں ان کا نام روشن رہے گا ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ شفیق اور بہادر خاتون تھیں اور ان کی جمہوریت اور پارٹی کے لئے بہت خدمات تھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا، وہ باہمت اور صاحب عزت خاتون تھیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے،دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔جمعیت علمائے اسلام (ر) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں جن کی وفات پر انتہائی افسوس ہوا۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ انہوں نے شریف خاندان اور مرحومہ کے عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نہایت نفیس خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ ان کا انتقال پورے ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔مئیر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان ، مسلم لیگ ن خواتین کی صدر طاہرہ اورنگزیب، ایم پی اے زیب النساءاعوان ، بیرسٹر دانیال چوہدری ، ملک ابرار ، راجہ محمد حنیف ،سابق چیئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ ، اسامہ چوہدری،مقبول احمد خان ، ڈاکٹر جمال ناصر، ملک عشرت باری، ذیشان احمد خان، ڈپٹی میئر راولپنڈی چوہدری طارق ، راجہ محمد خلیل ، راجہ اشفاق عباسی، راجہ وسیم ، صنوبر گل، چوہدری تنویر صدیق،وقار احمد ڈار سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم خاتون لیڈر سے محروم ہو گئی ۔ جمہوریت کے لئے بیگم کلثوم نواز نے بے پناہ قربانیاں دیں ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں جمہوریت کا پودا پروان چڑھ رہا ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں مسلم لیگ ن کو ختم کرنے کی سازش کی گئی جس کے خلاف بیگم کلثوم نواز نے ہی جدوجہد کی اور مشرف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نوا ز شریف اور مریم نواز کو فوری طور پر لندن جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ میت کو وطن واپس لاسکیں،نواز شریف اور مریم کے ضامن اس ملک کے20 کروڑ عوام ہیں جو قیادت بیرون ملک سے وطن واپس آ کر گرفتاری دے سکتی ہے وہ قیادت اس دکھ کی گھڑی میں قوم کو کبھی دھوکہ نہیں دے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمران دکھ کی اس گھڑی میں تلخ سیاست کو فروغ نہ دیں،بیگم کلثوم نواز کی رحلت مسلم لیگی کارکنوں کیلئے نواز شریف حکومت کے خاتمے اور نواز شریف و مریم نواز کی گرفتاری سے بھی بڑا صدمہ ہے اس لئے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا ہونگے تاکہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی جاسکیں۔مسلم لیگ ن راولپنڈی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے راولپنڈی سے قافلے لاہور جائیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More