لندن ( امت نیوز) نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازآخر وقت تک نوازشریف اور بیٹی مریم نواز شریف کے بارے میں لا علم تھیں کہ وہ دونوں جیل میں ہیں ۔ذرائع کے مطابق حسین نواز نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی اپیل کی ہے ،حسین نوا ز نے انکشاف کیا کہ بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر اور بیٹی کے بارے میں لاعلم تھیں کہ وہ دونوں جیل میں ہیں ۔حسین نواز کا کہنا ہے کہ جب سے ان کو ہوش آیا تھاوہ اشاروں میں بات کرنے کے قابل ہوگئی تھیں، وہ اکثر مریم نواز اور نواز شریف کے بارے میں پوچھا کرتی تھیں اور کہتی تھیں کہ وہ بات کیوں نہیں کرتے ، گزشتہ روز بھی والدہ نے نواز شریف اور مریم نواز شریف کے بارے میں پوچھا تھا۔حسین نوازنے کہا کہ پرسوں رات اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی، اللہ کا حکم آ چکا تھا، ان کا بلاوا آ گیا تھا، آج بڑے غم کا دن ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کو طبیعت خراب ہونے پر ہارلے سٹریٹ کلینک منتقل کیا گیا جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔ حسین نواز نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا بھی صدمہ تھا کہ ان کے شوہر نواز شریف اور بیٹی مریم نواز ان کیساتھ نہیں ہیں اور انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا تھا کہ وہ دونوں جیل میں ہیں جبکہ جیل میں ہونے کے بعد دونوں کی ان کیساتھ زیادہ بات چیت بھی نہیں ہوتی تھی اور یہ صدمہ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ بھی بنا۔ حسین نواز نے بتایا کہ والدہ کے آخری الفاظ تھے’’ اللہ تعالی رحمان و رحیم ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم سب کی تربیت میں ہماری ماں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، میں ہمیشہ اپنی مشکلات میں والدہ سے مشورہ کرتا تھا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے، ڈاکٹروں کے مطابق رمضان میں پھیپھڑوں کی انفیکشن جان لیوا ثابت ہوئی۔