عدالت سے جیل پہنچنے پر نواز شریف کو آگاہ کیا گیا

0

لاہور(نمائندہ امت)سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر نواز شریف کی عدالت میں پیشی کے فوری بعد میڈیا میں آگئی،لیکن انہیں اطلاع جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے اس وقت دی گئی جب وہ عدالت سے واپس اڈیالہ جیل پہنچے۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم کی روح نے اسی وقت پرواز کی جب نواز شریف عدالت میں موجود تھے۔ اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے اس بڑی اطلاع کو میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی تک پہنچانے سے پہلے مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو میاں نواز شریف کے کمرے میں منتقل کیا اوربعد ازاں انہیں بتایا کہ بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں ہیں۔”امت“ کے ذرائع کے مطابق کلثوم نواز جو پچھلے کچھ دنوں سے وینٹی لیٹر کے بغیر تھیں اور قدرے ہوش میں تھیں ، پیر اور منگل کی درمیانی شب ان کی طبعیت اچانک دوبارہ بگڑ گئی اور انہیں پھر وینٹی لیٹر پر لے لیا گیا ،لیکن ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ ڈاکٹروں نے اپنی آخری کوششوں کے بعد جیسے ہی اس انتہائی تکلیف دہ خبر سے اہل خانہ کو آگاہ کیا تو حسن اور حسین نو از نے پاکستان میں فیملی ممبران سے رابطہ کیا اورانہیں دکھی دل کے ساتھ آگاہ کردیا ۔ جس کے بعد میاں شہباز شریف نے سب سے پہلے جیل حکام سے بات کی اور انہیں بتایا کہ وہ اس سلسلے میں میاں نوازشریف اور مریم نواز سے ملنے کے لئے پنڈی آرہے ہیں ،ان کی ملاقات کا بندوبست کیاجائے ۔اس کے ساتھ ہی میاں شہباز شریف نے اپنے اسٹاف کو لندن کے لئے دستیاب پرواز میں اپنے اور حمزہ شہباز شریف کے لئے نشستیں محفوظ کرانے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق معمول سے ہٹ کر منگل کو یہ دکھ بھرا دن میاں نواز شریف ، مریم نواز اورکیپٹن (ر)محمد صفدر نے اڈیالہ جیل میں اکٹھے گزارا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More