کراچی (اسٹاف رپورٹر)ناردرن بائی پاس پر ہمدرد موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 3 دوستوں کو کچل کر جاں بحق کردیا۔ایک لاش کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔تینوں نوجوان رینجرز میں بھرتی کے لیے پنجاب سے آئے تھے اور ٹیسٹ دینے کے بعد کسی رشتے دار کے گھر جارہے تھے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس ہمدرد موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند دیا۔حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔پولیس نے پہنچ کر 2 نوجوانوں کو شدید زخمی حالت اور ایک نوجوان کی ٹکڑوں میں بٹی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کردیا،جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دونوں نوجوانوں نے دم توڑ دیا۔ایس ایچ او بشیر خان نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ اسپتال میں 2 متوفیوں کی شناخت 27سالہ الطاف ولد ارشاد اور 29سالہ عاقب ولد ریاض کے نام سے کی گئی، جبکہ تیسرے نوجوان کی لاش ناقابل شناخت ہے۔،پولیس نے بتایا کہ متوفیوں کا تعلق مظفر گڑھ اور رحیم یار خان سے تھا۔وہ دوست اور رینجرز میں بھرتی ہونے کے لیے کراچی آئے تھے اور حادثے سے قبل ٹیسٹ دے کر اپنے عزیز کی رہائش گاہ منگھوپیر جارہے تھے کہ ڈمپر نے کچل دیا۔ پولیس نے کہا کہ ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔