بحریہ ٹائون کوزمین واپسی یا عدالتی قیمت ماننے کا آپشن

0

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کےچیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کی زمین کی الاٹمنٹ غیر قانونی تھی تو اس منصوبے کا پورا ڈھانچہ گرجائے گا۔کیا بحریہ ٹاؤن اراضی سندھ حکومت کو واپس کرے گا یا پھر جو رقم عدالت تعین کرے گی وہ ادا کی جائے گی؟چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے بحریہ ٹاؤن نظر ثانی کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت عدالتی فیصلہ سے متاثر کیسے ہو سکتی ہے۔بحریہ ٹاؤن کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کا ملبہ زمین الاٹ کرنے والے افسران پر گرے گا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس نے غلط کام کیا ہے وہ بھگتے گا۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے جو اراضی الاٹ کی وہ ان کے ماتحت زمین کی تھی تاہم بحریہ ٹاؤن نے ایم ڈی اے کو زمین دی وہ ان کے کنٹرول ایریا میں نہیں آتی۔وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ بحریہ ٹاؤن کے پاس کل 12 ہزار ایک سو ایکڑ رقبہ ہے، اور یہ زمین سندھ بورڈ آف ریونیو نے ایم ڈی اے کو الاٹ کی تھی، جس کا تبادلہ انہوں نے بحریہ ٹاؤن سے کیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ زمین کا تبادلہ بدنیتی سے ہوا تو تمام ڈھانچہ گر جائے گا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بحریہ ٹاؤن کے پاس ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زمین غیر قانونی ہے جو واپس اسی کے پاس جانی چاہیے اور اس اراضی کی قیمت کا تعین بھی عدالت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عدالت جس قیمت کا تعین کرے گی بحریہ ٹاؤن کو وہ قیمت ایم ڈی اے کو ادا کرنی ہوگی، جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ قیمت کا تعین کرتے وقت دیکھا جائے کہ اراضی کی قیمت بحریہ ٹاؤن کی وجہ سے بڑھی ہے۔چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ ایم ڈی اے نے کن اختیارات کے تحت اراضی بحریہ ٹاؤن کو دی جس پر انہیں بتایا گیا کہ کلونائزیشن آف لینڈ ایکٹ کے تحت یہ اراضی بحریہ ٹاؤن کو دی گئی۔اس موقع پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ اس ایکٹ پر نہ جائیں اس میں مزید پھنس جائیں گے، کیونکہ اس ایکٹ کے تحت نہ ملکیت کی جاسکتی ہے نہ اراضی منتقل ہو سکتی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو سرکاری وسائل لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، اتنا پیسہ کھایا جائے جو ہضم ہوسکے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ غیر قانونیت، غیر قانونیت ہی ہوتی ہے، صرف پارلیمنٹ ہی قانون سازی کرکے غیر قانونی اقدام کو قانونی قرار دے سکتی ہے۔اعتزاز احسن نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بحریہ ٹاؤن کراچی کو ایم ڈی اے کو دیا گیا تو اس کی قیمتیں گر جائیں گی۔چیف جسٹس نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ایم ڈی اے کو ملنے والی رقم سندھ حکومت کے پاس جائے گی، اور پھر حکومت چاہے دوبارہ اراضی بحریہ ٹاؤن کو دے دے، اس پر عدالت کو اعتراض نہیں ہوگا۔عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے علی ظفر سے جواب طلب کیا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ کیا بحریہ ٹاؤن اراضی سندھ حکومت کو واپس کرے گا یا پھر جو رقم عدالت تعین کرے گی وہ ادا کی جائے گی۔سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے بحریہ ٹاؤن نظر ثانی کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More