انٹر پری میڈیکل کی پہلی 3 پوزیشنیں طالبات کے نام

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹر پری میڈیکل کے 23 ہزار میں سے ساڑھے 10ہزار طلبہ و طالبات فیل ہو گئے، 1415 اے ون اور 54 طلبہ و طالبات ای گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں، پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج، عثمان پبلک اسکول اور بحریہ ٹاؤن کی طالبات نے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2018کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انعام احمد کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں نہ صرف پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں بلکہ پہلی 6پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں صرف ایک طالب علم ہے۔ ناظم امتحانات عظیم احمد کے مطابق سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات 2018میں بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی حسنہ عادل نے اے ون گریڈ لیکر پہلی، اسی کالج کی زہرہ انس اور عثمان پبلک اسکول کی خدیجہ اشرف مشترکہ طور پر دوسری اور بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی آمنہ سعید نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ پری میڈیکل گروپ میں 23355امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 22930امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں سے 12362امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، جبکہ 10ہزار 568طلبہ فیل ہو گئے ہیں۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 53.91فیصد رہا ہے۔ کامیاب طلبا میں سے 1415اے ون ، 3191اے ، 3378بی ، 3037سی اور 1287ڈی گریڈ جبکہ 54 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔ میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں 9امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 5 کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 55.56 فیصد رہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More