اربن ٹوئن ٹاور کے بلڈر نے اسٹیڈیم تباہ کردیا

0

کراچی(نمائندہ خصوصی) اربن ٹوئن ٹاور کے بلڈر نے کروڑوں کی لاگت سے پی ایس ایل فائنل کیلئے بنایا گیا اسٹیڈیم روڈ تباہ کردیا، بلدیہ عظمیٰ کی غفلت سے کھنڈر بنے اسٹیڈیم روڈ پر متعدد گاڑیاں الٹ چکی ہیں اور آئے دن حادثات و ٹریفک جام معمول بن گئے ہیں، جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کے جب سے اربن ٹوئن ٹاور کا تعمیراتی کام شروع ہوا ہے، تب سے اسٹیڈیم روڈ کا یہ حصہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور پروجیکٹ پر کام کرنیوالے ڈمپرز اور بھاری مشینوں سے اسٹیڈیم روڈ کا یہ حصہ تباہ اورگڑھوں سےگاڑیوں کاگزرمشکل ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم روڈ جیل چورنگی ،پی آئی بی ،جمشید روڈ، کشمیر روڈ ،سندھی مسلم سوسائٹی ،پرانی سبزی منڈی ،گلشن اقبال ، ناظم آباد اور سوک سینٹر شہر کے مختلف علاقوں کو جاتا ہے جبکہ مختلف علاقوں سے آنے والی ٹرانسپورٹ اس شاہراہ سے شہر کے دیگر علاقوں کو جاتی ہے۔ بلدیہ عظمی نے طویل عرصے سے اہم شاہراہ کو مکمل طور پر نظر انداز کر رکھا ہے اور اسکی تعمیر و مرمت سے عدم توجہی کی وجہ سے شاہراہ پر گڑھے پڑ چکے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہے، شاہراہ کی تباہ حالی کی وجہ سے شہریوں نے یہ روٹ چھوڑ دیا ہے جبکہ اسٹیڈیم روڈ کے دونوں اطراف واقع اسپتال، کالج، اسکول، فلا حی اور کاروباری مراکز بھی بری طرح متاثر ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال مارچ میں پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونے کی وجہ سے خصوصی پیکج کے تحت کراچی اسٹیڈیم سے ملحقہ تمام سڑکوں اور شاہراہوں کی مرمت اور کارپیٹنگ کی گئی تھی جس میں یہ شاہراہ بھی شامل تھی، تاہم پی ایس ایل فائنل کے بعد سے اربن ٹوئن ٹاور کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے یہ سڑک دوبارہ ٹوٹ پھوٹ گئی جبکہ بلدیہ عظمیٰ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More