ماتمی جلوسوں کے دوران خواتین کی خصوصی چیکنگ کا فیصلہ

0

کراچی (رپورٹ:ارشاد کھوکر) محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے فوج کو الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سندھ میں نئی سبیلیں اور کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی،خواتین کی چیکنگ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، جب کہ حالیہ انتخابات میں شکست کھانے والے عناصر کی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے دورہ کراچی میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات اور صوبے بھر میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کی پیش نظر چاروں صوبائی حکومتوں نے وزارت دفاع کو پاک فوج کے جوانوں کو الرٹ رکھنے کی درخواست کی تھی ،تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صور تحال کے پیش نظر وہ فوری طور پر حرکت میں آ سکیں۔ اس حوالے سے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں پاک فوج کے جوان الرٹ رہیں گے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ کراچی سمیت صوبہ سندھ میں خواتین کے لئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس بار مردوں کے ساتھ خواتین کی بھی چیکنگ کی جائے گی۔ صوبائی وزرا نے مرکزی جلوس کے منتظمین سے اس ضمن میں رضاکار خواتین طلب کی ہیں جنہیں تین روز کی تربیت فراہم کرکے پولیس اہلکاروں کے ساتھ چیکنگ وغیرہ کے کام میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماتمی جلوس کے دوران صرف پرانی رجسٹرڈ تنظیموں کو پانی کی سبیلوں سمیت دیگر کیمپس لگانے کی اجازت ہو گی۔ اس حوالے سے روہڑی کے ماتمی جلوس سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی پلان میں اس بات کو مدنظر رکھا گیا ہے کہ حالیہ انتخابات میں شکست کھانے والے کسی بھی موقع پر شہر میں لسانی اور فرقہ ورانہ تصادم کو ہوا دے سکتے ہیں۔ اس بار چونکہ یوم عاشور جمعہ کے روز آرہا ہے اس لئے یہ حکمت عملی تیار کی جارہی ہے کہ جلوس کے شرکا نماز جمعہ ایسی جگہ ادا کریں جہاں فرقہ وارانہ کشیدگی کا خطرہ نہ ہو۔ دریں اثنا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان پہلی بار اتوار کے روز کراچی کے دورے پر پہنچیں گے۔ اس دوران وہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرنے اور کراچی کے گرین لائن، کے فور منصوبوں پر بریفنگ لینے سے کراچی کے ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے بھی ایک اجلاس کی صدارت کریں گے، ساتھ ہی وہ سندھ میں امن و امان کے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔ جن میں حکومت سندھ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کئے گئے سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ سندھ میں قومی الیکشن پلان پر عمل درآمد اور ساتھ خصوصاً کراچی آپریشن کا بھی جائزہ لیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More